ڈیرہ اسماعیل خان(بیورو رپورٹ)ڈیرہ اسماعیل خان کی تحصیل کلاچی میں انتخابات کے لیے سیکیورٹی پر تعینات پولیس موبائل پر دھماکے میں 4 اہلکار شہید اور متعدد زخمی ہو گئے۔
پولیس کے مطابق نامعلوم دہشت گردوں کی جانب سے دھماکے کے بعد فائرنگ کا سلسلہ جاری ہے، اس حوالے سے پولیس لائن سے بھاری نفری کو طلب کرلیا گیا ہے۔تھانہ کلاچی کی حدود میں پولیس موبائل پر بم حملے میں 4 جوان شہید اور 6 زخمی ہو گئے ہیں، اطلاع ملتے ہی پولیس حکام بھی جائے وقوع پہنچ گئے۔حملے کا نشانہ بننے والی پولیس موبائل گرہ اسلم پولنگ سٹیشن کی سیکیورٹی پر تعینات تھی، جس میں سب انسپکٹر خانزادہ اور دیگر اہل کار سوار تھے۔نامعلوم دہشت گردوں کی ان جانب سے حملے کے بعد اندھا دھند فائرنگ بھی کی گئی۔واقعے کے بعد شہید اہل کاروں کی لاشوں اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا جبکہ سکیورٹی فورسز اور پولیس نے علاقے کی ناکابندی کرکے سرچ آپریشن شروع کردیا گیا۔دوسری طرف گوادر کے علاقے پسنی میں عام انتخابات کے لیے پولنگ شروع ہونے سے قبل 2 پولنگ اسٹیشنز کے قریب دھماکے ہوئے تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔پولیس کے مطابق بلوچستان کے ضلع گوادر کے علاقے پسنی میں پولنگ شروع ہونے سے قبل 2 پولنگ سٹیشنز کے قریب دھماکے سنے گئے، پہلا دھماکا پراھگ محلہ وارڈ نمبر 7 میں ہوا، دوسرا دھماکا بنگلہ بازار وارڈ نمبر 1 میں پولنگ سٹیشن کے قریب ہوا تاہم کسی قسم کے جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔دوسری جانب بلوچستان کے شہر تربت میں پولنگ کا آغاز ہوتے ہی مختلف علاقوں میں دھماکوں کا سلسلہ شروع ہوگیا۔ذرائع کے مطابق تربت میں گوگدان، آپسر، ڈنک سمیت کئی مقامات پر دھماکوں کی آوازیں سنی گئی۔ دھماکوں کے ذریعے پولنگ اسٹیشنز کو بھی نشانہ بنایا گیا تاہم کوئی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔
![](https://www.pakistantime.com.pk/wp-content/uploads/2024/02/DI-Khan-Blast-940x480.jpg)