پولنگ کا عمل بڑھے گا یا نہیں؟الیکشن کمیشن نے اعلان کر دیا

اسلام آباد(بیورو رپورٹ) الیکشن کمیشن آف پاکستان کا کہنا ہے کہ ووٹنگ کا وقت بڑھانے کی کوئی تجویز زیرغور نہیں۔
الیکشن کمیشن کے حکام کے مطابق عام انتخابات میں ووٹنگ کا وقت شام 5 بجے تک ہے۔ووٹنگ کا وقت بڑھانے کی کوئی تجویز زیر غور نہیں،پانچ بجے پولنگ بوتھ کے دروازے بند کر دیئے جائیں گے۔ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق غیر حتمی غیر سرکاری نتائج شام 6 بجے کے بعد نشر ہو سکیں گے۔ دوسری جانب الیکشن کمیشن کے شکایت سیل کو انتخابی عمل سے متعلق اب تک 55 شکایات موصول ہوئیں جن میں سے 45 شکایات کا ازالہ کردیا گیا جبکہ 10 پر کام جاری ہے۔واضح رہے کہ ملک بھر میں 12ویں عام انتخابات 2024 کے لیے پولنگ کا آغاز صبح 8 بجے ہوا جو شام 5 بجے تک بغیر کسی وقفے کے جاری رہے گی جبکہ سیکیورٹی کے حوالے سے بھی خاص انتظامات کیے گئے ہیںتاہم بعض سٹیشنز میں پولنگ بروقت شروع نہ ہوئی اور تاخیر کا شکار ہوگئی، جس کی وجہ سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔قومی و صوبائی اسمبلیوں کے 855 حلقوں پر ملک بھر سے 17 ہزار 816 امیدوار حصہ لے رہے ہیں جبکہ چند حلقوں میں بڑی سیاسی شخصیات بھی مدمقابل ہیں۔ 12 کروڑ 85 لاکھ 85 ہزار 760 ووٹرز حق رائے دہی استعمال کریں گے جن میں 25 سال تک عمر کے 2 کروڑ 35 لاکھ 18 ہزار371 نئے ووٹرزبھی شامل ہیں۔پولنگ کے دوران چند ناخوش گوار واقعات بھی پیش آئے۔ ڈی آئی خان میں انتخابات کے لیے سیکیورٹی پر تعینات ایلیٹ فورس کی موبائل وین پر بم حملے میں 5 اہلکار شہید اور 4 زخمی ہو گئے۔قومی اسمبلی کے حلقہ 232 میں پریزائیڈنگ افسر سے بیلٹ پیپر چھین لیے گئے۔ سیاسی جماعت کے مسلح افراد الیکشن عملے کو زدوکوب کرکے متعدد بیلٹ پیپر چھین کر فرار ہوگئے۔ راولپنڈی اور دیگر شہروں میں بعض پولنگ اسٹیشنز کے باہر سیاسی کارکنوں میں تصادم بھی ہوا۔جھنگ میں بھی ایک امیدوار کے حمایتی پولنگ سٹیشن سے ڈبے اٹھا کر لے گئے اور عملہ منہ تکتا رہ گیا ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں