کراچی(بیورو رپورٹ) امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہمارے ساتھ دھاندلی ہو رہی ہے،نتائج قبول نہیں کریں گے، ہم جیت رہے ہیں، ہمیں جیتنے دیا جائے،زبردستی کے نتائج مسلط نہ کیے جائیں،کراچی میں جماعت اسلامی 13 سیٹوں پر تمام جماعتوں سے آگے ہے،پورے شہر کراچی میں سب سے بڑی جماعت ہیں،جماعت اسلامی کے بغیر کوئی حکومت نہیں بنے گی۔
امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے ہنگامی پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ یہ کیا طریقہ ہے کہ 35 سال اور 50 سال سے کراچی شہر کا بیڑہ غرق کرنے والی غیر مقبول پارٹیوں کو تو سب موقع فراہم کر رہے ہیں اور جو عوام کی خدمت کرنے والی پارٹی ہے،جسے لوگ ووٹ ڈالنے کے لیے نکل رہے ہیں،اسے آپ روک رہے ہیں،آپ کراچی اور دنیا بھر کو کیا میسج دینا چاہتے ہیں؟۔انہوں نے کہا کہ پولنگ کا وقت ختم ہوتے ہی پولنگ سٹیشنز کو ایم کیو ایم کے غندوں کے حوالے کرنا شروع کر دیا گیا،شاہ فیصل کالونی،ناظم آباد اور دیگر علاقوں میں رینجرز کے سامنے فائرنگ کر کے پولنگ عملے کو یرغمال بنا لیا گیا،صبح سے نشاندہی کر رہے ہیں کہ کئی جگہوں پر ووٹر بکس غائب اور کئی جگہوں پر ہمارے کارکنان نے پہلے سے ٹھپہ لگے بیلٹس برآمد بھی کئے،الیکشن کمیشن اور ادارے بتائیں کہ یہ کیسا الیکشن ہے؟ٹی وی چینلز بھی بتائیں کو وہ کیوں خاموش ہیں؟۔
![](https://www.pakistantime.com.pk/wp-content/uploads/2024/02/Hafiz-naeem-karachi-jamaat-940x480.jpg)