اسلام آباد(وقائع نگار خصوصی)الیکشن 2024میں دھاندلی کے الزامات لگانے والی پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی) نے عالمی میڈیا کا دروازہ کھٹکھٹاتے ہوئے”ناقابل تردید ثبوت“ پیش کر دیئے۔
”پاکستان ٹائم“کے مطابق تحریک انصاف کے قائدین نے فارم 45 انٹرنیشنل میڈیا کے سامنے پیش کرنے کے لیے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کا انعقاد کیا۔وفاقی ادرالحکومت کے نجی ہوٹل میں عالمی میڈیا کے لیے کی جانے اس پریس بریفنگ میں فارم 45 صحافیوں کے سامنے رکھتے ہوئے ویڈیو بھی دکھائی گئی۔اس موقع پر پی ٹی آئی کے ترجمان حسن روف نے بریفنگ کے آغاز پر کہا کہ پی ٹی آئی امیدواروں کےخلاف الیکشن میں فراڈ کیا گیا،کئی حلقوں میں ٹرن آوٹ کم تھا مگر ووٹ زیادہ نکلے،یہ الیکشن دھاندلی کی وجہ سے ہمیشہ یاد رکھا جائے گا،فارم 45 میں جو امیدوار جیت گئے تھے وہ فارم 47 میں ہار گئے،ہمارے پاس جو فارم 45 ہے وہ فارم 47 سے مختلف ہے، 46 سیٹوں پر انتخابی عذرداریوں سے متعلق درخواستیں دی ہیں،تحریک انصاف 177 سیٹوں پر کامیاب ہوئی جن میں سے 92 سیٹوں پر ہمیں کامیابی دی گئی،دیگر نشستوں میں سے 46 کا ڈیٹا موجود ہے جب کہ 29 سیٹوں سے متعلق ڈیٹا اکٹھا کیا جا رہا ہے،تحریک انصاف نے یہ ڈیٹا 3 بینچ مارکس کی مدد سے جمع کیا۔
سلمان اکرم راجا نے کہا کہ الیکشن میں دھاندلی کے خلاف ہیں،الیکشن میں دھاندلی کو روکنے کے لیے آواز بلند کر رہے ہیں،الیکشن مہم میں ہر روز ہمارے ورکرز کو اٹھایا جا رہا تھا،الیکشن مہم میں ہر روز ہمارے کارکنان کو گرفتار کیا جا رہا تھا،عوام نے 8 فروری کو بڑی تعداد میں پی ٹی آئی کو ووٹ دیا،ہم سے بلے کا نشان چھینا گیا، 8 فروری کو عوام نے تاریخی ووٹ دیا جس پر انھیں خراج تحسین پیش کرتے ہیں،جمہوریت پر کھلا حملہ کیا گیا،اگر جعلی نتیجے بنانے ہیں تو الیکشن کا کیا فائدہ؟اپنے حلقے میں ایک لاکھ ووٹ سے جیت رہا تھا،رات کے اندھیر ے میں مینڈیٹ چوری کیا۔انہوں نے کہا کہ پولنگ سٹیشن سے لے کر آر او آفس تک دھاندلی کی مثال بنائی گئی،عوام نے ہمارے امیدواروں کے انتخابی نشانات یاد رکھ کر ووٹ دیے،الیکشن سے پہلےانتخابی نشان لیکر عوام کو مشکل میں ڈالا گیا تھا، 8 فروری کو عوام نے ووٹ دیا،عالمی میڈیا دنیا کو بتائے پاکستانی عوام کو حق حکمرانی سے محروم رکھا جا رہا ہے۔اس موقع پر پی ٹی آئی رہنما شاندانہ گلزار نے دعویٰ کہ پنجاب میں 155 نشستیں جیتیں، 55 دی گئیں،ریحانہ ڈار رات تک جیت رہی تھیں۔