وفاق نے چاروں صوبوں میں فوج تعینات کرنے کی منظوری دے دی

اسلام آباد(وقائع نگار خصوصی)وزارت داخلہ نے سیلابی صورتحال میں سول حکومتوں کی مدد کیلئے چاروں صوبوں میں پاک فوج تعینات کرنے کی منظوری دے دی۔
تفصیلات کے مطابق وزارت داخلہ نے ملک بھر میں مون سون کی شدید بارشوں کے بعد پیدا ہونیوالی سیلابی صورتحال کے پیش نظر سول حکومتوں کی مدد کیلئے چاروں صوبوں میں پاک فوج تعینات کرنے کی منظوری دے دی۔وزارت داخلہ کے مطابق آئین کے آرٹیکل 245 کے تحت ملک بھر میں فوج تعینات کرنے کی سمری وفاقی کابینہ کو بھجوا دی گئی، چاروں صوبائی حکومتوں نے سیلاب متاثرہ علاقوں میں فوج تعینات کرنے کی ریکوزیشن وزارت داخلہ کو بھیجی تھی۔
وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ کا کہنا ہے کہ آئین کے آرٹیکل 245 کے تحت سویلین حکومت کی مدد کیلئے فوج کی تعیناتی کی جارہی ہے، پاک فوج کو چاروں صوبوں کے سیلاب سے آفت زدہ علاقوں میں تعینات کیا جارہا ہے۔
واضح رہے کہ ملک بھر میں دو ماہ سے جاری مون سون کی شدید بارشوں کے بعد سیلابی صورتحال ہے، کئی اضلاع کو آفت زدہ قرار دیا جاچکا ہے، اب تک مختلف حادثات میں ایک ہزار سے زائد افراد جاں بحق اور ہزاروں زخمی ہوچکے ہیں، کئی لاکھ افراد بے گھر ہوچکے ہیں، ہزاروں مکانات، سڑکیں، پل اور فصلیں ہوچکے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں