سابق کمشنر لیاقت چٹھہ کے گرد گھیرا تنگ،پولیس وزیرآباد میں پی اے کے گھر پہنچ گئی

وزیرآباد(بیورو رپورٹ)عام انتخابات 2024میں دھاندلی کا اعتراف کرنے والے کمشنر راولپنڈی لیاقت علی چٹھہ کے گرد گھیرا تنگ ہو گیا ،پولیس سابق کمشنر کے پرسنل سیکرٹری (پی اے) کو گرفتار کرنے وزیرآباد ان کی رہائش گاہ پہنچ گئی ،چھاپہ مار کارروائی کے دوران اہم دستاویزات قبضے میں لے لیں ۔
ُُ”پاکستان ٹائم“کے مطابق سابق کمشنر راولپنڈی لیاقت چٹھہ کے پی اے کے گھر پولیس نے چھاپہ مارا ہے۔ پولیس کے مطابق چھاپہ علی پور چٹھہ میں اشفاق تارڑ کی رہائش گاہ پر مارا گیا ہے۔چھاپے کے دوران گھر میں موجود اشفاق تارڑ کے برادرنسبتی کو حراست میں لے لیا گیا۔اشفاق تارڑ کی اہلیہ نے کہا ہے کہ پولیس بیرونی دروازے کے تالے توڑ کر گھر میں داخل ہوئی، گھر کی تلاشی لی اور جو کاغذات ملے قبضے میں لے لیے۔انہوں نے بتایا کہ پولیس نے ہم سب گھر والوں کے موبائل فون بھی قبضے میں لے لیے۔ان کا کہنا ہے کہ اشفاق تارڑ محکمہ معدنیات میں ملازم ہیں، جو لیاقت چٹھہ کے ساتھ پی اے کے طور پر کام کر رہے تھے۔دوسری جانب رابطہ کرنے پر علی پور چٹھہ پولیس نے چھاپے کی تصدیق کی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں