وزیراعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس نے نوجوانوں کو بڑی خوشخبری سنا دی

اسلام آباد(وقائع نگار خصوصی ) وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر اور پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی) آزادکشمیر کے صدر سردار تنویر الیاس خان نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت آزادکشمیر میں عمران خان کے ویژن کے عین مطابق اقتدار کو نچلی سطح تک منتقلی کے لیے کوشاں ہے،اس سلسلے میں آزاد کشمیر میں 32 سال بعد پہلی دفعہ بلدیاتی انتخابات کا انعقاد کیا جا رہا ہے، نوجوان بلدیاتی الیکشن کی بھرپور تیاری کریں، پارٹی میرٹ پہ ٹکٹ جاری کرے گی، نوجوان ہمارا قیمتی اثاثہ ہیں، ہماری حکومت نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع فراہم کرنے کے لئے کوشاں ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے پارٹی قائدین کے ہمراہ مرکزی سیکرٹریٹ میں تحریک انصاف کی ذیلی تنظمیوں سے تعلق رکھنے والے نوجوانوں کے وفد سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔وزیر اعظم نے کارکنوں سے فرداً فرداً ملاقات بھی کی اور جملہ مسائل سنے۔اس موقع پر وزیر تعلیم سکولز دیوان علی چغتائی، وزیر حکومت چوہدری اکبر ابراہیم، سینئر نائب صدر چودھری ظفر انور، نائب صدر میر عتیق الرحمان، جنرل سیکرٹری راجہ منصور خان، رہنما تحریک انصاف راجہ الیاس خان، سردار خطاب اعظم، معاون خصوصی برائے امور نوجوانان راجہ سبیل ریاض، ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات وارث گیلانی، چیئرمین پرل ڈویلپمنٹ اتھارٹی راولاکوٹ سردار عامر جمیل اور دیگر بھی موجود تھے۔
نوجوانوں سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس خان نے کہا کہ ہمارے نوجوانوں میں ہر طرح کا ٹیلنٹ موجود ہے، نوجوانوں کے لیے کھیلوں کے مزید میدان اور تفریحی مقامات بنائے جائیں گے،نوجوانوں کو آسان اقساط پر قرضے دی جائیں گے تا کہ وہ اپنا کاروبار شروع کر سکیں، آئی ٹی کے شعبے میں نوجوانوں کو بہترین مواقع فراہم کئے جائیں گے،مختلف اداروں میں نوجوانوں کو ہنر سکھایا جائے گا۔

https://youtube.com/watch?v=-7JgmwL14kQ

وزیراعظم آزاد کشمیر کا کہنا تھا کہ میری حکومت عوام کے اعتماد پر پوری اترے گی،کشمیر کی تقدیر بدلے گی اور کشمیر دنیا کی توجہ کا مرکز بنے گا،سرمایہ دار آزاد کشمیر کے اندر مختلف شعبہ جات میں سرمایہ کاری میں دلچسپی لے رہے ہیںجو کہ حوصلہ افزا بات ہے۔پرائیویٹ سیکٹر کے بہتر ہونے سے روزگار کے مواقع پیدا ہونگے،عام لوگوں اور حکومت کی آمدن میں اضافہ ہوگا، لوگوں کا معیار زندگی بھی بلند ہوگا۔اس معاملے میں نوجوان اہم کردار ادا کریں گے،حکومت کی یہ کوشش ہے کہ آزادکشمیر میں اس حد تک روزگار کے مواقع پیدا ہوں کہ یہاں کا ٹیلنٹ یہیں استعمال ہو۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں