میرے بھائی کو عوام کی خدمت کی سزا مل رہی ہے ، شہبازگل کی ہمشیرہ کا ویڈیو پیغام

شکاگو(وقائع نگار)تحریک انصاف کے رہنما ڈاکٹر شہباز گِل پر تشدد کے معاملہ پر ان کی ہمشیرہ نصرت گِل کا ویڈیو پیغام آگیا۔

نصرت گل نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا کہ میں ڈاکٹر شہبازگِل کی بہن ہوں ہم شکاگو میں مقیم ہیں،ہم شکاگو امریکہ میں1976سے رہتے ہیں،میرے بھائی ڈاکٹر شہباز گل ایک انتہائی پڑھے لکھے انسان ہیں، یونیورسٹی میں پروفیسر رہ چکے ہیں۔نصرت گل نے کہا کہ چار سال پہلے ہمارے انتہائی منع کرنے کے باوجود وہ پاکستان چلے گئے،شہباز گل ہمیشہ کہتے تھے کہ مجھے پاکستان جانا ہے اپنے لوگوں کی خدمت کرنی ہے،شہباز گل کے ساتھ غیر انسانی سلوک ہوا ان کی کیا خطا تھی؟

نصرت گل کا کہنا تھا کہ شہباز گل کو حراست میں بدترین تشدد کا نشانہ بنایا گیا،ہمارے پاس شہباز گل پر ہونے والے تشدد اور زیادتیوں کے تمام ثبوت موجود ہیں،کیا ایک استاد اور شریف انسان کے ساتھ اس طرح کا سلوک کیا جاتا ہے؟انہوں نے کہا کہ شہباز گل امریکا میں اپنی بہترین زندگی چھوڑ کر پاکستان کے لیے واپس گئے،کون لوگ ہیں جو اب تک شہباز گل کو باہر آنے نہیں دے رہے؟ میں پاکستان کے کس ادارے سے شہباز گل کے لئے انصاف کی توقع رکھوں؟ہمارے خاندان نے ہمیشہ پاکستان کے لیے اچھا کیا،جو کچھ میرے بھائی کے ساتھ ہو رہا ہے اگر پاکستان میں انصاف نہیں تو اللہ کی عدالت میں ضرور انصاف ملے گا۔

نصرت گل نے مزید کہا شہباز گل جیسے بے قصور آدمی کو اتنے دن سے بند رکھا ہے اس کا کیا قصور ہے؟ دیگر لوگوں کی گفتگو سنیں اس سے اندازہ ہو گا کہ شہباز گل معصوم آدمی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں