سید علی گیلانی کے یوم وفات پر سردار تنویر الیاس کا ایسا اعلان کہ مودی سرکار آگ بگولہ ہو جائے

اسلام آباد(وقائع نگار خصوصی)وزیر اعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس خان نے عظیم حریت رہنماءسید علی شاہ گیلانی کے یوم وفات یکم ستمبر کو”یوم سید تحریک تکمیل پاکستان”قرار دیتے ہوئے آزاد کشمیر میں ان کی شخصیت کے شایان شان یادگار تعمیر کرنے اور ان کے نام پر ایک لائبریری قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے،آئندہ ہر سال یکم ستمبر کو “یوم سید تحریک تکمیل پاکستان” کے نام سے بھرپور اہتمام کے ساتھ منایا جائے گا،وزیر اعظم سردار تنویر الیاس خان نے کہا ہے کہ سید علی شاہ گیلانی رحمتہ اللہ ایک عالمی رہنماءاوربلند پایہ عالم تھے،جو عالمی دنیا کے مدبروں میں شمار کیئے جاتے تھے،دنیا بھر میں جاری انسانی حقوق کی جدو جہد کے علمبردار انہیں اپنا آئیڈیل مانتے تھے،دنیا میں ان کی بات مانی جا تی تھی۔
دوسری طرف سردار تنویر الیاس خان نے اپنے پیغام میں کہا کہ سید علی گیلانی ایک عہد کا نام ہے، سید علی گیلانی بہادری اور استقامت کا روشن نام ہیں،ظلم اور جبر کے سامنے جب بھی مسلسل اور مستقل مزاحمت کا ذکر ہوگاتو آنے والی نسلوں کو سید علی گیلانی کی یاد آئے گی۔بابائے حریت کا نعرہ’ ہم پاکستانی ہیں پاکستان ہمارا ہے ‘ آج بھی مقبوضہ کشمیر کا سب سے مقبول نعرہ ہے۔
یر اعظم سردار تنویر الیاس خان نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی تاریخ کے بد ترین مظالم کے سامنے کلمہ حق کہنے والوں کو سلام پیش کرتا ہوں سید علی گیلانی نے جرات اور بہادری سے ظلم و استبداد کا مقابلہ اور کبھی اپنے پائیہ استقلال میں لغزش نہیں آنے دی، مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم آج بھی جاری ہیں ، گزشتہ روز بھی شوپیاں میں تین کشمیری نوجوانوں کو جعلی مقابلے میں شہید کردیا گیا ،اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کی تنظیمیں بھارتی قابض افواج کے ہاتھوں کشمیری نوجوانوں کے قتل عام کی تحقیقات کروائیں اور مقبوضہ کشمیر میں جاری ظلم و بربریت کا سلسلہ بند کروائیں۔ انہوں نے کہا کہ سید علی گیلانی کی رحلت سے جو خلا پیدا ہو ا ہے وہ کبھی پورا نہیں ہو سکتا،بابائے حریت اپنی تمام عمر ظلم اور جبر کے سامنے ایک چٹان بن کر کھڑے رہے ،وہ کشمیریوں کی مزاحمت کی علامت تھے، بطل حریت نے اپنی ساری زندگی تحریک آزادی کشمیر اور کشمیریوں کے حقوق کے لیے وقف کر دی اورآخری دم تک اپنے نظریے پر ڈٹے رہے ،سید علی گیلانی کو زندگی کے بیشتر عرصہ میں قید اور نظر بند رکھا گیا لیکن ان کے جذبے میں کمی نہیں آئی لازوال جدوجہد پر انہیں خراج عقیدت پیش کرتا ہوں۔

وزیراعظم سردار تنویر الیاس خان کا کہنا تھا کہ رواں سال مقبوضہ کشمیر میں آج کے اس واقعے سے قبل 117 مختلف واقعات میں 147 نوجوانوں کو ماورائے عدالت قتل کیاگیا، صرف اگست کے مہینے میں 16 کشمیریوں کو جعلی مقابلوں میں شہید کیا گیا،بھارتی قابض افواج کو کشمیریوں کے قتل عام کی کھلی چھوٹ دے دی گئی ہے،اقوام متحدہ ، او آئی سی اور دنیا کے مہذب ممالک اور انسانی حقوق کی تنظیمیں و ادارے مقبوضہ کشمیر میں جاری ظلم و بربریت کا نوٹس لیں اور کشمیریوں کو ان کا پیدائشی حق حق خودارادیت دلوانے کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں