مفتاح اسماعیل نے مہنگائی کا اعتراف کرتے ہوئے ناقابل یقین دعویٰ کردیا

کراچی(وقائع نگار خصوصی)وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ ہاں ملک میں مہنگائی بہت زیادہ ہے، اسے دو ماہ میں کنٹرول میں لے آئیں گے، عمران خان نے ملکی قرضوں میں ریکارڈ اضافہ کیا۔
کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مفتاح اسماعیل نے کہا کہ جھوٹ بولا گیا کہ ہم نے خط بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کو نہیں بھیجا، کیا یہ کافی نہیں تھا آپ نے ملک کو دیوالیہ کردیا، آڈیو لیک میں شوکت ترین کی ہی آواز تھی، آپ لوگ جھوٹ کا چورن بیچ رہے ہیں، جھوٹ پر جھوٹ بولنا چھوڑ دیں اور اس ملک کو معاف کردیں، سابق وزیر خزانہ شوکت ترین نے کہا ہم تو عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کی ستمبر میں چھٹی کروا دیتے لیکن یہ تو ملک کو دیوالیہ کی طرف دھکیل رہے تھے اور پاکستان کو ڈیفالٹ سے شہباز شریف نے بچایا ہے، سوموارکو آئی ایم ایف بورڈ کی میٹنگ تھی اور جمعہ کو یہ انکار کرنے کا کہہ رہے تھے،شوکت ترین نے پنجاب اور خیبر پختونخوا کو خط لکھا لیکن انہوں نے جھوٹ بولا کہ خط کسی کو نہیں بھیجیں گے،شوکت ترین نے خود کہا کہ خط آئی ایم ایف نمبر ٹو کو بھجوا دو، کیا ان کی کال منظر عام پر نہیں آئی اور کیا وہ آواز شوکت ترین کی نہیں تھی ؟ پنجاب کے بیوروکریٹس نے خط لکھنے سے انکار کر دیا لیکن خیبر پختونخوا کے وزیر نے خود خط لکھا، ہمارے لیے پاکستان کا مفاد سب سے اہم ہے اور عمران خان پاکستان سے تو بڑے نہیں، عمران خان تو ملک کا قرض اتارنے آئے تھے لیکن انہوں نے ملکی قرضوں میں ریکارڈ اضافہ کر دیا،شوکت ترین نے آئی ایم ایف سے کہا تھا کہ عدم اعتماد ناکام ہونے کے بعد پیٹرول مہنگا کردیں گے۔

وزیر خزانہ نے سیلاب کی تباہ کاریوں پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سندھ میں کپاس کی 14 لاکھ ایکڑ اور گنے کی 20 فیصد فصل تباہ ہوگئی جب کہ آدھے سے زیادہ پیاز کی فصل بھی خراب ہوچکی ہےلیکن آپ اس وقت سیاست کر رہے ہیں،40 لاکھ سے زائد خاندانوں کو شہباز شریف 25 ہزار روپے دے رہے ہیں، اللہ کی مہربانی سے ملکی معیشت بچ گئی ہے مگر ہاں مہنگائی بہت زیادہ ہے تاہم اب ملک کی معیشت سنبھل گئی ہے، ہم جانتے ہیں ٹماٹر کی قیمت 300 سے400 روپے کلو تک گئی لیکن افغانستان سے پیاز آ گیا ہے جس سے بہتری ہو گی، ہم کاٹن امپورٹ کرنے کی اجازت دیں گے، وزیر اعظم نے ایران اور ترکی سے بھی پیاز ٹماٹر منگوانے کا کہا ہے۔ملک میں جاری مہنگائی کو ہم دو ماہ میں قابو کرلیں گے۔
مفتاح اسماعیل نے کہا کہ آج خیبر پختونخوا میں سکولوں کی حالت دیکھ لیں، یہ خود روس سے تیل کیوں نہیں لے کر آئے اور یہ بتائیں کیا روسی تیل پاکستانی ریفائنری میں چلتا ہے؟ عمران خان نے کہا عدم اعتماد ناکام ہو جائے تو میں پیٹرول کی قیمتیں بڑھا دوں گا، عمران خان کے پاس پیسے کہاں سے آتے ہیں، وہ خود بتا دیں تو ہم بھی بتا دیں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں