لاہور(سٹاف رپورٹر)مریم نواز شریف پنجاب کی پہلی خاتون وزیر اعلیٰ منتخب ہو چکی ہیں،ن لیگی قیادت نے اراکین کی مشاورت کے بعد بھاری بھرکم اپوزیشن کو ٹف ٹائم دینے اور مریم نواز کا”بوجھ“کم کرنے کے لئے سابق وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ خان کو پنجاب میں اتارنے کا فیصلہ کیا ہے۔
”پاکستان ٹائم“کے مطابق سابق وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ کو پنجاب میں اہم ذمہ داری ملنے کا امکان ہے۔ذرائع کے مطابق مسلم لیگ ن کے اہم رہنماوں نے قیادت سے رانا ثنا اللہ کی پنجاب میں خدمات لینے کی رائے دے دی۔پنجاب میں مضبوط اپوزیشن کا مقابلے کرنے کے لیے رانا ثناء اللہ جیسے منجھے ہوئے پارلیمنٹرین کی ضرورت ہے۔لیگی رہنماوں نے رائے دیتے ہوئے کہا کہ رانا ثنا اللہ ایوان میں بہتر انداز میں حکومت پنجاب کا دفاع کر سکتے ہیں۔ لیگی قیادت نے رہنماوں کی رائے پر غور کا وعدہ کر لیا۔ذرائع کے مطابق لیگی قیادت نے رانا ثناءاللہ کے حوالے سے 2 آپشنز پر غور شروع کر دیا۔ پہلا آپشن رانا ثنااللہ کو سینٹر بنا کر مرکز میں ذمہ داری دی جائے جبکہ دوسرا آپشن پنجاب میں اہم ذمہ داری سونپی جائے۔ رانا ثناءاللہ خان مرکز میں ذمہ داری نبھائیں گے یا پنجاب میں؟حتمی فیصلہ رواں ہفتے متوقع ہے تاہم ذمہ دار ذرائع کا کہنا ہے کہ مریم نواز چونکہ پہلی مرتبہ وزارت اعلیٰ کے منصب کو سنبھال رہی ہیں اور پنجاب میں اپوزیشن انہیں انتہائی ٹف ٹائم دے گی لہذا انہیں پنجاب میں مریم نواز کا ”بوجھ“ ہلکا کرنے کے لئے میدان میں اتارنے کا فیصلہ متوقع ہے۔یاد رہے کہ اس سے قبل سابق وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب کو بھی نو منتخب وزیراعلیٰ کی معاونت کے لئے رکن پنجاب اسمبلی بنوایا گیا اور شنید ہے کہ انہیں سینئر وزیر کا قلمدان سونپا جائے گا۔
![](https://www.pakistantime.com.pk/wp-content/uploads/2024/02/Rana-Sanaullah-In-punjab-940x480.jpg)