لاہور (سپورٹس ڈیسک)پاکستان سپر لیگ کے میچ میں پشاور زلمی نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو 8رنز سے شکست دے دی۔ پشاور زلمی نے مقررہ 20اوورز میں 5وکٹوں کے نقصان پر 201رنز بنائے جس کے جواب میں اسلام آباد یونائیٹڈ نےمقررہ 20اوورز میں 9وکٹوں کے نقصان پر 192رنز ہی بنا سکی۔
”پاکستان ٹائم “کے مطابق اسلام آباد یونائیٹڈ نے پشاور زلمی کے خلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔پشاور زلمی کی جانب سے صائم ایوب 38، محمد حارث2، حسیب اللہ خان صفر، پال والٹر 19اور روومین پاول 8رنز بنا کر آوٹ ہوئے۔بابراعظم 111اور آصف علی 17سکور بنا کر آوٹ ہوئے۔اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے شاداب خان دو جبکہ نسیم شاہ اور سلمان آغا ایک، ایک وکٹ لینے میں کامیاب ہوئے۔مطلوبہ ہدف کے تعاقب میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی بیٹنگ شروع میں مشکلات کا شکار رہی ، اوپنر جورڈن کاکس 13، شاداب خان چھ اور سلمان آغاز 14رنز بنا کر آوٹ ہو گئے۔ اس کے بعد کولن منرو اور اعظم خان نے دھواں دار بلے بازی کی اور اسلام آباد کی جیت کا امکان روشن ہو گیا۔اعظم خان 75اور کولن منرو 71سکور بنا کر آوٹ ہوئے۔ ان کے بعد اسلام آباد کو جیت کے لیے دو اوورز میں 21رنز درکار تھا لیکن پھر حیدر علی صفر ، فہیم اشرف1، عماد وسیم 1،حنین شاہ صفر رنز پر آوٹ ہوئے۔پشاور زلمی کی جانب سے عارف یعقوب نے پانچ وکٹیں حاصل کیں۔
