کشتیاں جلا کر پاکستان کی خدمت کا فیصلہ ،زلفی بخاری نے برطانوی شہریت چھوڑدی

اسلام آباد(سٹاف رپورٹر)پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے سابق مشیر اور قریبی ساتھی زلفی بخاری نے برطانوی شہریت چھوڑنے کا اعلان کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سید زلفی بخاری نے برطانوی ہوم آفس کی تصدیقی دستاویزات میڈیا کو جاری کرتے ہوئے کہا کہ اب میں صرف پاکستانی شہری ہوں، میرے پاسپورٹ پر کوئی اور ویزا نہیں اب کہیں نہیں جاسکتا، میرا جینا مرنا اب پاکستان میں ہے، عمران خان کے ساتھ ملکر حقیقی آزادی کی جدوجہد کروں گا، کہا جارہا تھا کہ حکومت کے خاتمے پر سوٹ کیس لے کرپاکستان چھوڑ کر بھاگ جاوں گا، مشکل وقت میں عمران خان کے ساتھ کھڑا ہوں۔
سابق وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے اوورسیز زلفی بخاری نے کہا کہ پاکستانی ہوں اور پاکستانی رہوں گا، میں برطانیہ میں پیدا ہوا اور میرا پورا خاندان وہاں ہے، برطانیہ میں کاروبار کیا وہاں سے بہت کامیابیاں ملیں لیکن اب میرے ملک کو ہماری ضرورت ہے، برطانوی شہریت چھوڑنے کا فیصلہ ذاتی ہے،ہار جیت اللہ کے ہاتھ میں ہے، پاکستان کی خدمت کا فیصلہ کرلیا، پاکستان چھوڑ کر بھاگنے والے اسائلم لینے کیلئے کوشاں ہیں، برطانیہ نے نواز شریف کو خط لکھا ہوا ہے، انہیں پاکستان واپس آنا ہوگا۔اس موقع پر زلفی بخاری نے برطانوی شہریت چھوڑنے کا خط بھی دکھایا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں