نواز شریف اور زرداری اپنا آرمی چیف لانا چاہتے ہیں ،عمران خان

نواز شریف اور آصف زرداری کی پوری کوشش ہے کہ اپنا آرمی چیف لائیں،عمران خان
فیصل آباد(وقائع نگار خصوصی) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے اگلے اتوار کو پھر سے ٹیلی تھون کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ سیلاب سے بچاو¿ کے لئے ہمیں مستقبل میں ڈیمز بنانے ہوں گے، اگلے اتوار ٹیلی تھون میں اوورسیز پاکستانیوں سے پیسہ اکٹھا کروں گا،نواز شریف اور آصف زرداری کی پوری کوشش ہے کہ اپنا آرمی چیف لائیں، امپورٹڈ حکومت نے چار ماہ میں ملک تباہ کردیا، یہ صرف اپنے مقدمات ختم کرنے آئے تھے، اقتدار کی باریاں لینے والے بیس سال ایک دوسرے کو چور کہتے رہے، تحریک انصاف کا سونامی دیکھ کر سب ایک ہوگئے، قوم کو حقیقی آزادی دلا کر رہیں گے۔
فیصل آباد میں پی ٹی آئی کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ 2018 میں الیکشن مہم چلائی تو اس دوران ملک میں بہت بے روزگاری تھی، پاکستان میں صنعتی زون نقصان میں جارہے تھے، فیصل آباد میں ٹیکسٹائل انڈسٹریاں بند ہورہی تھیں،ہمارے ساڑھے 3 سالہ دور میں ٹیکسٹائل انڈسٹری نے ترقی کی، لوگوں کو روزگار ملا، ہمارے دور میں 4 فصلوں کی بڑی پیداوار ہوئی، تحریک انصاف حکومت نے کسانوں کو اپنا حق دلایا، کسانوں کو شوگرملز مالکان سے بروقت رقم دلوائی، ہم نے تاریخی ٹیکس اکٹھا کیا، ہم نے ملکی دولت میں اضافہ اور کرپشن میں کمی کی، ہم نے پٹرول کی قیمت کم رکھی، عوام پر بوجھ نہیں پڑنے دیا، ہمارے دور میں بجلی کی قیمت 18 روپے یونٹ تھی، آج مزدوروں، کسانوں اور صنعتکاروں کے برے حالات ہیں، 4 ماہ میں مہنگائی آسمان پر اور معیشت زمین پر آگئی ہے، آئی ایم ایف نے کہا ہے کہ مہنگائی مزید بڑھے گی اور پاکستان کے معاشی حالات کی بہت بڑی وجہ حکومتی کرپشن ہے، قوم چوروں کو ہم پر مسلط کرنے والوں سے جواب مانگ رہی ہے، چوروں کو ہم پر مسلط کرنے والوں نے غداری کی، ان چوروں نے آتے ہی 1100 ارب روپے کی چوری معاف کرائی، یہ لوگ ملک کو سنبھال نہیں پارہے، ملک کے حالات بگڑتے جارہے ہیں، آئی ایم ایف نے بھی کہہ دیا کہ سیاسی استحکام آنے تک ملک کے حالات بگڑتے جائیں گے، مہنگائی اور بے روزگاری بڑھتی جائے گی لیکن یہ الیکشن کرانے سے ڈرتے ہیں، ان کو پتہ ہے جب الیکشن ہوا تو ان کا نام و نشان مٹ جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان میں بیرونی سازش کے تحت امپورٹڈ حکومت مسلط کی گئی، امپورٹڈ حکومت نے 4 ماہ کے دوران ملک کو شدید نقصان پہنچایا ہے، تحریک انصاف نے 50 سال کے بعد 10 ڈیمز بنائے، ملک کو سیلاب سے بچانے کیلئے ہمیں ڈیم بنانے ہوں گے، موسمیاتی تبدیلی کیلئے شجرکاری ضروری ہے۔ سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ فیصل آباد پاکستان کا مانچسٹر ہے، ایک صنعتی شہر ہے، ملک میں ڈرینج سسٹم کو ٹھیک کرنا ہوگا، کرپٹ لوگ چوری کر کے ملک کا پیسہ باہر بھیجتے ہیں، ملک کو سیلاب سے بچانے کیلئے ہمیں ڈیمز بنانے ہوں گے، سیلاب متاثرین کیلئے جلد دوبارہ اربوں روپے جمع کروں گا، اگر آئی ایم ایف قرض دیتا ہے تو شرائط سخت ہوتی ہیں، ہم نے پاکستان کی تاریخ میں سب سے زیادہ ٹیکس جمع کیا۔
عمران خان نے کہا کہ مریم نواز کہتی ہے لندن تو کیا میری پاکستان میں بھی کوئی جائیداد نہیں، حسین نواز کہتے ہیں لندن میں فلیٹس ہمارے ہیں، ہم نے دولت میں اضافہ کیا اور کرپشن کم کرائی، اقتدار میں آتے ہی ان لوگوں نے 1100 ارب روپے معاف کرائے، آئی ایم ایف نے یہ بھی کہا ہے کہ آنے والے دنوں میں مہنگائی بڑھے گی، ان پر جب مشکل آتی ہے تو یہ ملک چھوڑ کر بھاگ جاتے ہیں۔سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ نومبر میں نیا آرمی چیف آنے والا ہے اور یہ دونوں زرداری اور نواز شریف ، ان کی پوری کوشش ہے کہ ایسا آرمی چیف آئے جو یہ اپنا کوئی فیوریٹ لے کر آئے، یہ اپنا آرمی چیف لانا چاہتے ہیں، کیونکہ پیسہ انہوں نے چوری کیا ہے، یہ ڈرتے ہیں کہ یہاں کوئی تگڑا آرمی چیف آگیا،ا یک محب وطن آرمی چیف آگیا تو وہ پوچھے گا ان سے، اس ڈر سے یہ دونوں بیٹھے ہوئے ہیں کہ یہ دونوں مل کر اپنا آرمی چیف اپوائنٹ کریں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں