پروٹیز کو شکست دیکر سیریز 2-1سے اپنے نام کریں گے ،سٹورٹ براڈ

لندن(سپورٹس رپورٹر )انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز فاسٹ باﺅلر سٹورٹ براڈ نے کہا ہے کہ پروٹیز ٹیم کو تیسرے اور آخری ٹیسٹ میچ میں شکست دیکر تین میچوں کی سیریز 2-1سے اپنے نام کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ وہ جنوبی افریقن ٹیم کے خلاف اب تک کھیلے گئے سیریز کے دو میچوں میں اپنی کارکردگی سے مطمئن ہیں اور تیسرے اور آخری میچ میں بھی اپنی کارکردگی کے تسلسل کو برقرار رکھتے ہوئے اپنی ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کریں گے۔

اپنے ایک بیان میں سٹورٹ براڈ نے کہا ہے کہ ان کی ٹیم مکمل طور پر فٹ اور بھر پور فارم میں ہے اور مہمان ٹیم کے خلاف سیریز کے آخری ٹیسٹ کےلئے میدان میں اترنے کو بے تاب ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم پروٹیز کے خلاف سیریز جیتنے کے لئے پرعزم ہیں۔انہوں نے کہا کہ وہ دوسرے ٹیسٹ میں ایک اننگز اور 85 رنز کی کامیابی کے بعد وہ اپنی ٹیم کی کارکردگی پر بہت خوش ہیں اور پرامید ہیں کہ ان کی ٹیم تیسرے اور آخری ٹیسٹ میں بھی عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے نہ صرف میچ بلکہ سیریز بھی 1-2 سے اپنے نام کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ ان کی ٹیم مہمان ٹیم کے خلاف تیسرے میچ میں کامیابی کے لئے مربوط حکمت عملی کے تحت میدان میں اترے گی۔ انہوں نے کہا کہ سیریز جیتنا ہدف ہے اور مقصد کے حصول کیلئے سخت محنت کریں گے۔ واضح رہے کہ انگلینڈ اور جنوبی افریقا کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان تیسرا اور آخری ٹیسٹ میچ (آج)جمعرات سے لندن میں شروع ہوگا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں