وزیراعظم آزاد کشمیر کادورہ باغ،کن منصوبوں کا اعلان کیا ؟مکمل تفصیلات جانئے

باغ(وقائع نگار خصوصی)وزارت عظنیٰ کا منصب سنبھالنے کے بعد اپنے پہلے دورہ باغ کے موقع پر وزیراعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس خان کا شہریوں کی جانب سے تاریخی اور پرتپاک استقبال کیا گیا ،ہزاروں کشمیری ہاتھوں میں پھولوں کے ہار اور گلاب کی پتیاں اپنے محبوب قائد پر نچھاور کرتے رہے ۔دورہ باغ کے معوقع پر وزیراعظم سردار تنویر الیاس خان نے چئیرمین تحریک انصاف عمران خان کے ویژن کے مطابق آزاد کشمیرمیں ترقی کے درجنوں میگا پراجیکٹ کا اعلان کرتے ہوئے اہلیان باغ کو یقین دہانی کروائی کہ ہر منصوبے کو عملی جامہ پہنایا جائے گا ،پاکستان اور پاکستانیت پر مکمل ایمان رکھتے ہیں ہیں مگر اپنی شناخت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم آزاد جموں و کشمیر سردار تنویر الیاس خان نے ’باغ‘ کے لئے یکمشت تاریخی پیکج کا اعلان کرتے ہوئے ملٹری کیڈٹ کالج کے قیام ، ایک ارب روپے کا بلا سود قرضہ، نظریاتی کارکنان کی ایڈجسٹمنٹ، مظفرآباد (Ajk) یونیورسٹی کا باغ میں کیمپس، ہاری گہل میں کل سے ڈی ایس پی کے بیٹھنے کا اعلان، بی ڈی اے اور زکوٰة کے لیے اضافی فنڈز ، ملوٹ اور جنوبی باغ کو نیابت کا درجہ دینے ، ریڑہ اوربیر پانی کو مکمل تحصیل کا درجہ دینے کا اعلان کیا ۔


سردار تنویر الیاس خان نے باغ میں مہاجرین کے پکے مکانات بنانے کا اعلان کر تے ہوئے ایم ٹی بی سی اور آئی ٹی ڈیپارٹمنٹ کے درمیان سٹیج پر ہی ایم او یو بھی سائن کیا گیا۔ سردار تنویر الیاس خان نے ٹیوٹا کے لیے اضافی فنڈز دینے کا اعلان کر تے ہوئے باغ کے صحافیوں اور وکلاءکے تمام مسائل حل کرنے کی خوشخبری سنائی اور کہا کہ بڑے مدارس کو جامعات بنایا جائے گا ۔اس موقع پر محکمہ سپورٹس اور کشمیر کنگز کے درمیان بھی ایم او یو سائن کیا گیا جبکہ محکمہ آئی ٹی اور سردار عبدالغفار کے درمیان بھی ایم او یو سائن کیا گیا ۔محکمہ صنعت اور ممتاز اعوان کے درمیان ایم او یو سائن کیا گیا ،ڈی جی سیاحت اور سردار شازیب شبیر کے درمیان ایم او یو سائن کیا گیا جبکہ سیکرٹری صنعت اور محمد خالد کے درمیان ایم او یو سائن کیا گیا ۔

وزیر اعظم سردار تنویر الیاس خان کا کہنا تھا کہ عام انتخابات میں عوام سے کیئے گئے تمام وعدے ایفاءہوں گے،آزاد کشمیر کے لوگوں کو ایک بدلا ہوا کشمیر دیں گے،ریاست بھر میں ریکارڈ ترقیاتی کام ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر میں ریفارمز لانے کیلئے اقدامات شروع کر دئیے ہیں، میری حکومت میرٹ کی بحالی اور انصاف کی فراہمی کیلئے اپنے تمام وسائل بروئے کار لائے گی،عوام کے تمام مسائل ان کی دہلیز پر حل کیے جائیں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں