پاکستانی شاہینوں نے افغانستان کو شکست دے دی

دبئی (سپورٹس رپورٹر)پاکستان نے افغانستان کو شکست دے کر ایشیا کپ فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا۔شاہینوں کی جیت کے ساتھ ہی پاکستان اور سری لنکا ایشیا کپ 2022 کے فائنل میں پہنچ گئے جبکہ بھارت اور افغانستان کی ٹیمیں ٹورنامنٹ سے باہر ہو گئیں۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان نے افغانستان کو ایک وکٹ سے شکست دیدی،130 رنز کا ہدف پاکستان نے 19.2 اوورز میں حاصل کرلیا،نسیم شاہ نے 2 گیندوں پر 2 چھکے لگا کر میچ جتوایا،قومی ٹیم کو آخری اوور میں جیت کے لیے 12 رنز درکار تھے جب کہ اس کی صرف ایک وکٹ باقی تھی۔ نوجوان بولر نسیم شاہ اور محمد حسنین وکٹ پر موجود تھے۔افغانستان کی جانب سے آخری اوور کرانے کی ذمہ داری فاروقی کو سونپی گئی جنہوں نے اس سے پہلے اپنے تین اوورز میں 19 رنز دے کر تین وکٹیں حاصل کر رکھی تھیں۔نسیم شاہ فاروقی کی بولنگ کا سامنا کرنے کے لیے سٹرائیک پر موجود تھے کہ انہوں نے فل ٹاس گیند پھینکی جو نسیم نے گراونڈ سے باہر پھینک دی یوں قومی ٹیم کو آخری پانچ گیندوں پر جیت کے لیے پانچ رنز چاہئے تھے۔فاروقی نے دوسری گیند بھی ہائی فل ٹاس پھینکی جس کا نتیجہ بھی وہی رہا اور بال باونڈری پار کر گئی۔ نسیم شاہ کے لگاتار دو چھکوں نے قومی ٹیم کو آٹھ سال بعد ایشیا کپ کے فائنل تک پہنچا دیا۔قومی ٹیم کی جیت سے افغانستان اور بھارت کی ٹیمیں ایشیا کپ سے باہرہو گئیں۔
قبل ازیں پاکستان کی جانب سے بابراعظم اور محمد رضوان نے اننگز کا آغاز کیا، کپتان بابر اعظم ایک مرتبہ پھر انتہائی مایوس کن کارکردگی کا مظاہرہ کرسکے اور بغیر کوئی رن بنائے پہلے ہی اوور میں ایل بی ڈبلیو آوٹ ہونے کے بعد پویلین لوٹ گئے۔ فخر زمان بھی خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھا سکے اور صرف 5 رنز بناکر رن آوٹ ہوگئے۔ وکٹ کیپر محمد رضوان نے 26 گیندوں پر 20 سکور بنائے اور راشد خان کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے، پاکستان کی جانب سے چوتھے آوٹ ہونے والے کھلاڑی افتخار احمد تھے جو کہ 2 چوکوں کی مدد سے 33 گیندوں پر 30 رنز بناکر فرید احمد کی گیند پر ابراہیم زدران کو کیچ دے بیٹھے۔ اس طرح قومی ٹیم نے 9 وکٹ کے نقصان پر 118 رنز بنالئے ہیں۔پاکستان کی جانب سے شاداب خان 36 ، افتخار احمد30 رنز بنا کر نمایاں رہے ،نسیم شاہ نے 4 گیندوں پر 14 رنز سکور کئے ،افغانستان کی جانب سے فضل حق فاروقی اور فرید احمد3 ،3 وکٹیں لے سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں