پیراگون سوسائٹی کیس،ملزمان کی تفتیشی رپورٹ پیش کرنے کا حکم

لاہور(کورٹ رپورٹر) احتساب عدالت نے پیراگون ہاوسنگ سوسائٹی میں شامل تفتیش ہونے والے نئے ملزمان سے انکوائری مکمل کرکے رپورٹ پیش کرنے کا حکم دے دیا۔

احتساب عدالت لاہور نمبر نو نے پیراگون ہاوسنگ سوسائٹی کیس کی سماعت کی، وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق اور سلمان رفیق عدالت میں پیش ہوئے۔ملزم ندیم ضیا کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ ملزم ندیم ضیا اور فرحان علی شامل تفتیش ہوچکے ہیں،کیا نیب حکام نیا چالان پیش کریں گے یا اس کے ساتھ دو ملزمان کا الگ چالان جمع کروایا جائے گا۔نیب تفتیشی آفیسر نے بتایا کہ دونوں ملزمان سے تفتیش میں چند روز لگ جائیں گے، ملزمان نے اپنے حلفی بیان میں کہا ہے کہ ان کے متاثرین سے معاملات طے پا گئے ہیں۔عدالت نے تفتیشی آفیسر کو تفتیش مکمل کرکے نئی رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیتے ہوئے کیس کی سماعت 23 ستمبر تک ملتوی کردی۔

میڈیا سے گفتگو میں خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ اس وقت ملک سیلاب میں ڈوبا ہوا ہے اور ایک لیڈر حکومت پر حملے کر رہا ہے تاکہ وہ سیلاب متاثرین کے لیے کام نہ کرسکے۔کیا ایسے حالات میں یہ نوٹنکی ٹھیک ہے، انہوں نے کہا کہ شوکت ترین نے ملک کو ڈیفالٹ کروانے کی سازش کی، سندھ میں ریلوے کو بحال کرنا ہے اس کے لیے سندھ جا رہا ہوں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں