شعیب ملک کا ٹیم میں دوستیاں نبھانے کا الزام ،ثقلین مشتاق بھی میدان میں آگئے

کراچی(سپورٹس رپورٹر)پاکستانی ٹیم میں دوستیاں نبھانے کا الزام پھر سامنے آنے لگا،سٹار کرکٹر شعیب ملک نے قومی ٹیم میں دوستیاں نبھانے کا الزام عائد کیا تو دبئی میں موجود پاکستانی ٹیم کے ہیڈ کوچ ثقلین مشتاق بھی میدان میں آ گئے ہیں ۔
تفصیلات کے مطابق ایشیا کپ فائنل میں سری لنکا کے ہاتھوں شکست کے فوری بعد آل راونڈر شعیب ملک نے ٹویٹ کیا کہ ہم کب دوستی، پسند اور ناپسند کے کلچر سے باہر آئیں گے، اللہ ہمیشہ ایماندار لوگوں کی مدد کرتا ہے۔یاد رہے کہ اس سے قبل بھی کپتان بابراعظم پر مختلف کھلاڑیوں کو صرف دوستی کی وجہ سے ترجیح دینے کا الزام عائد ہوچکا ہے۔
دوسری طرفپاکستان ٹیم کے ہیڈ کوچ ثقلین مشتاق نے آل راونڈر شعیب ملک کی طنزیہ ٹوئٹ پر ردعمل دیا ہے۔دبئی میں پریس کانفرنس کے دوران جب ثقلین مشتاق سے شعیب ملک کی ٹوئٹ سے متعلق سوال کیا گیا تو انہوں نے ہنستے ہوئے کہا ‘اس پر میں کیا ردعمل دوں، آپ کی یاری دوستی ہر کسی کے ساتھ ہونی چاہیے یا دشمنی ہونی چاہیے؟’انہوں نے گفتگو میں کہا ‘میرا یہ ماننا ہے کہ ہم زمین پر رہتے ہیں تو کرکٹ یا کسی اور ڈپارٹمنٹ میں یاری دوستی تو ہر کسی سے ہونی چاہیے، خالی دو یا چار پانچ قریبی لوگوں سے نہیں ہونی چاہیے ‘۔ثقلین مشتاق نے کہا ‘مجھے نہیں معلوم یہ کس قسم کی ٹوئٹ ہے اور میں اس کا کیا جواب دوں؟’خیال رہے کہ شعیب ملک نے پاکستان کی ایشیا کپ میں شکست کے بعد اپنی ٹوئٹ میں کہا تھا کہ ہم دوستی، پسند اور نا پسند کے کلچر سے کب باہر نکلیں گے؟ اللہ ہمیشہ ایمانداروں کی مدد کرتا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں