محمد عامر نے ٹی ٹونٹی ورلڈکپ کے لیے قومی سکواڈ کو چیپ سلیکشن قرار دے دیا

لاہور(سپورٹس رپورٹر )فاسٹ بولر محمد عامر نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل مینز ٹی ٹونٹی ورلڈکپ کے لیے قومی سکواڈ کو چیپ سلیکشن قرار دے دیا۔
گزشتہ روز جیسے ہی چیف سلیکٹر محمد وسیم نے ورلڈ کپ کیلئے قومی ٹیم کا اعلان کیا، محمد عامر نے انہیں تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے اپنے ٹوئٹر اکاونٹ پر لکھا کہ چیف سلیکٹر کی چیپ سلیکشن۔واضح رہے گزشتہ روز انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی)مینز ٹی ٹونٹی ورلڈکپ کے لیے قومی سکواڈ کا اعلان کر دیا گیا۔قومی کرکٹ ٹیم کے چیف سیلیکٹر محمد وسیم نے قذافی سٹیڈیم میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ٹی 20 ورلڈکپ کے لیے 15 رکنی سکواڈ کا اعلان کیا۔ ٹی 20 ورلڈ کپ کے سکواڈ میں بابر اعظم کپتان اور شاداب خان نائب کپتان ہوں گے۔آصف علی، حیدر علی، حارث رف، افتخار احمد، محمد نواز، شان مسعود، خوشدل شاہ، عثمان قادر، محمد حسنین، محمد وسیم جونیئر، محمد رضوان، شاہین شاہ آفریدی، نسیم شاہ کو سکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔بلے باز فخر زمان، محمد حارث اور شاہنواز دھانی ٹریول ریزرو کی حیثیت سے سفر کریں گے جبکہ عامر جمال اور سپنر ابرار احمد بھی انگلینڈ کے خلاف ٹی 20 سیریز کے لیے سکواڈ کا حصہ ہوں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں