پروفیسر ساجد میر کی خادم حرمین شریفین شا ہ سلمان کے مشیر سعد بن ناصر الشتری سے ملاقات

ریاض(بیورو رپورٹ) مرکزی جمعیت اہل حدیث پاکستان کے سربراہ سینیٹر پروفیسر ساجد میر نے ریاض میں خادم الحرمین شریفین شاہ سلمان کےمشیر سعد بن ناصر الشثری سے ملاقات کی ہے۔جس میں دو طرفہ امورخاص طو رپر پاکستان میں سیلاب سے پیدا ہونے والی صورتحال اور بحالی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ترجمان جمعیت اہل حدیث کے مطابق ملاقات پروفیسر ساجد میر نے پاکستان میں حالیہ بدترین سیلاب کی وجہ سے بڑے پیمانے پر تباہ کاریوں سے آگاہ کیا۔ سعد بن ناصر نے کہا کہ پاکستان ہمارا برادر اسلامی ملک ہے جس کی ہر مشکل وقت میں ہم نے مدد کی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی ہدایت پر سعودی عرب پاکستانی سیلاب زدگان کے لیے عطیات مہم شروع کررہا ہے۔ یہ مہم ’ساھم‘ پلیٹ فارم کے ذریعے چلائی جارہی ہے۔ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اس کی نگرانی کررہے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ دو طیارے امدادی سامان لے کر پاکستان پہنچ گئے ہیں۔ان پر 180 ٹن غذائی اشیا، دوائیں اور شیلٹر کا سامان موجود ہے۔ اس امدادی سامان سے 19 ہزار سے زیادہ سیلاب زدگان کو فائدہ پہنچے گا،آئندہ چند روز کے دوران کم از کم دس امدادی طیارے پاکستان بھیجے جائیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایک طرف طیاروں کے ذریعے امدادی سامان سیلاب زدگان کے لیے بھیجا جارہا ہے دوسری جانب شاہ سلمان مرکز اسلام آباد میں سعودی سفارتخانے اور پاکستانی حکام کے تعاون سے اندرون ملک امدادی سامان کی ترسیل اور فراہمی کا اہتمام کررہا ہے۔

سعودی عرب قدرتی آفات سے متاثرین کی مدد کی پالیسی پر گامزن ہے۔ برادر اور دوست ممالک سب کے ساتھ مصیبت میں کھڑے ہونا سعودی عرب کا شیوہ ہے۔ پروفیسرساجدمیر نے سعودی عرب کی سیلاب زدگان کی براہ راست امداد کرنے پر ان کا شکریہ اداکیا۔ ساجد میر نے کہا کہ سیلاب زدگان کے لیے عطیات مہم کا فیصلہ پاکستان اور سعودی عرب اور دونوں ملکوں کے برادر عوام کے گہرے برادرانہ تعلقات کا عکس ہے۔ پاکستانی سیلاب زدگان کے لیے عطیات مہم شروع کرنے پر ہم سعودی عرب کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔

پروفیسر ساجدمیر نے بتایا کہ اب تک مرکزی جمعیت اہل حدیث پاکستان مقامی لوگوں کے تعاون سے ایک ارب روپے متاثرین سیلاب پر خرچ کرچکی ہے۔ریلیف آپریشن کے تحت سیلاب سے بے گھر ہونے والے متاثرین کے لیے پانچ ہزار مکانات کی تعمیر کا منصوبہ بنایا ہے۔ دریں اثنا سعودی عرب میں تعینات پاکستانی سفیر نے پروفیسر ساجد میر کے اعزاز میں ریاض کے مقامی ہوٹل میں عشائیہ دیا جس میں الشیخ الدکتور عبداللہ المطلق علما بورڈ کی نامور شخصیات، مولانا عبدالمالک مجاہد بھی شریک تھے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں