وفاقی حکومت سیلاب متاثرین کو کتنے ارب تقسیم کرچکی ؟ناقابل یقین دعویٰ

اسلام آباد(وقائع نگار خصوصی) وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ سیلاب متاثرین میں اب تک 30 ارب روپے تقسیم کیے جا چکے ہیں۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ سمر قند میں مختلف ممالک کے سربراہان سے ملاقات ہوئی اور تمام سربراہان مملکت کا سیلاب متاثرین کی مدد پر شکریہ ادا کیا۔ ریلیف اور بحالی کی سرگرمیوں کے حوالے سے سربراہان مملکت کو آگاہ کیا،فی خاندان کے لیے 25 ہزار روپے کی مالی امداد کے حوالے سے بھی سربراہان مملکت کو آگاہ کیا گیا جبکہ بے نظیر انکم سپورٹ کے حوالے سے بھی تفصیلی آگاہ کیا۔
شہباز شریف نے کہا کہ مشترکہ کیے جانے والے سروے میں نقصانات کا تخمینہ لگایا جائے گا،سیلاب کی وجہ سے لاکھوں گھر تباہ ہوئے ہیں اور چھوٹے بچوں کو خواراک کی بہت ضرورت ہے۔بچوں کے دودھ کے ڈبوں اور کمبلوں کی اس وقت اشد ضرورت ہے،مخیر حضرات سیلاب متاثرین کی مدد کے لیے آگے بڑھیں جبکہ سیلاب متاثرین کے لیے گرم کپڑوں اور رضائیوں کی اشد ضرورت ہے۔سیلاب متاثرین کے بجلی بل معاف کیے گئے ہیں جبکہ افواج پاکستان، انتظامیہ اور متعلقہ ادارے بحالی کی سرگرمیوں میں مصروف ہیں۔
وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستانی عوام خیراتی کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے ہیں اور سیلاب متاثرین میں اب تک 30 ارب روپے تقسیم کیے جا چکے ہیں۔اس وقت کروڑوں لوگ امداد کے لیے ہماری جانب دیکھ رہے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں