لاہور(وقائع نگار) پرنسپل پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ و امیر الدین میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر محمد الفرید ظفر کی رہنما ئی اور بہتر حکمت عملی سے جنرل ہسپتال شعبہ ایمرجنسی کی ری ویمپنگ کے دوران متاثرہونے والی سی ٹی سکین اور ایکسرے مشینوں کی بحالی مکمل ہو گئی ہے اور اب ان مشینوں سے راؤنڈ دی کلاک مریضوں کو مفت ٹیسٹوں کی سہولت میسر ہوگی۔ اس سلسلے میں ان مشینوں کی مرمت کیلئے کمپنی نے 70لاکھ روپے کا تخمینہ لگایا تھا جسے ہسپتال انتظامیہ نے مفت مرمت کروانے میں کامیابی حاصل کر لی ہے اوراب شعبہ حادثات میں سی ٹی سکین اور ایکسرے کی سہولتیں پھر سے شروع کر دی ہیں۔پرنسپل پروفیسر الفرید ظفر نے اس اہم بریک تھرو کیلئے ایم ایس ڈاکٹر فریاد حسین، پروفیسر خضر حیات گوندل اور پروفیسر صائمہ امیر کی خصوصی کاوشوں کو شاندار الفاظ میں سراہتے ہوئے انہیں مبارکباد دی اوراُن کیلئے آئندہ بھی ایسی ہی کامیابیوں کی خواہش کا اظہار کیا۔
پرنسپل پروفیسر الفرید ظفر نے کمپنی کے اعلیٰ حکام کا شکریہ کرتے ہوئے انہیں بھی خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ اب یہی ر قم دکھی انسانیت کی خدمت اور فلاح و بہبود پر خرچ ہو گی۔انہوں نے کہا کہ ہم سب کو اسی جذبے اور کوشش کے ساتھ کام کرنا چاہیے کیونکہ ہسپتالوں میں خدمات سر انجام دینا دیگر پیشوں اور نوکریوں سے مختلف ہے۔پروفیسر الفرید ظفر نے مزید کہا کہ میڈیکل کے شعبے میں یہ خالصتاً اللہ تعالیٰ کی رضا کیلئے خدمات سر انجام دی جاتی ہیں اور ہمیں جس قدر ہو سکے بیمار اور ہسپتال آنے والے شہریوں کے کام آنا چاہے جس کیلئے ہسپتال کے آفس بوائے سے لے کر ایم ایس اور پرنسپل تک اپنا حصہ ڈال سکتے ہیں۔
واضح رہے کہ پرنسپل پروفیسر الفرید ظفر نے ایم ایس ڈاکٹر فریاد حسین، ڈائریکٹر ایمرجنسی پروفیسر آف یورالوجی پروفیسر خضر حیات گوندل،پروفیسر آف ریڈیالوجی ڈاکٹر صائمہ امیر پر مشتمل ایک مذاکراتی کمیٹی تشکیل دی تھی جنہوں نے مذکورہ مشینیں فراہم کرنے والی کمپنی کے اعلیٰ حکام سے کامیاب مذاکرات کر کے70لاکھ روپے نہ لینے پر آمادہ کر لیااور اب یہ مشینیں بغیر کسی خرچ کے گزشتہ روز فنکشنل ہو گئی ہیں۔