ملک کو دیمک کی طرح چاٹنے والے اب آزاد گھومیں گے،سرفراز چیمہ

لاہور (سٹاف رپورٹر)وزیر اعلی پنجاب کے مشیر عمرسرفراز چیمہ نے کہا ہے کہ این آر او 2 کے تحت من پسند احتساب کی بندر بانٹ کے نتائج آنا شروع ہوگئے۔ انہوں نے کہا کہ احتساب عدالتوں نے 50سے زائد کرپشن کے ریفرنسز واپس کردیے، سازش کے تحت اقتدار حاصل کرکے مقدمات ختم کرنے کے مشن کا باقاعدہ آغاز ہوگیا ہے۔

سابق گورنر پنجاب کا کہنا تھا کہ عوام دو وقت کی روٹی کو ترس رہی ہے، پی ڈی ایم ٹولہ پتلی گلی سے نکل لیا، شریف برادران، یوسف رضا گیلانی، راجا پرویز اشرف، سلیم مانڈوی والا اور دیگر کو کلین چٹ مل گئی۔انہوں نے کہا کہ ملکی خزانے کو دیمک کی طرح چاٹنے والے اب آزاد گھومیں گے، پی ڈی ایم ٹولے نے ملک میں جنگل کا قانون نافذ کر رکھا ہے۔

عمر سرفراز چیمہ نے کہا کہ قومی احتساب بیورو ترمیمی بل اندھا بانٹے ریوڑیاں اپنے اپنوں کو دےکی جیتی جاگتی مثال ہے۔ وزیر اعلی پنجاب کے مشیر نے واضح کیا کہ پی ٹی آئی طاقتور اور کمزور کے لیے یکساں انصاف کا مشن لے کرحکومت میں آئی تھی، پی ڈی ایم ٹولے نے ایک بار پھر ملک کو عشروں پیچھے دھکیل دیا۔

واضح رہے کہ پارلیمنٹ میں نیب قوانین میں کی جانے والی ترمیم کے بعد نیب کیسز میں ملوث کے بڑے ملزمان کو بڑا ریلیف مل گیا۔وزیراعظم شہباز شریف، حمزہ شہباز، راجا پرویز اشرف اور سید یوسف رضا گیلانی کے خلاف عائد الزامات سمیت 50 کرپشن ریفرنسز احتساب عدالتوں نے واپس کر دیے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں