لاہور(سپورٹس رپورٹر)پاکستان ہاکی فیڈریشن(پی ایچ ایف)کے صدر نے قومی ہاکی ٹیم کی سینئر مینجمنٹ کا اعلان کردیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پی ایچ ایف کے صدر برگیڈئیر(ر)خالد سجاد کھوکھر نے قومی ہاکی ٹیم مینجمنٹ کی منظوری دیتے ہوئے سعید خان کو قومی ٹیم کا منیجر مقرر کردیا۔ہاکی فیڈریشن نے قومی ہاکی ٹیم کے کوچز پینل میں سیگفرائیڈ ایکمین،محمد عثمان شیخ،ایاز محمود،محمد علی خان اور عمران بٹ کو شامل کر لیا،تربیتی کیمپ رواں ماہ لگایا جائے گا۔قومی ٹیم کے ویڈیو اینالسٹ کے طور پر ابوذر مرزا جبکہ فزیکل ٹرینر کی حیثیت سے رانا نصر اللہ فرائض سرانجام دیں گے۔
سیکریٹری پی ایچ ایف کا کہنا ہے کہ نئی ٹیم تربیتی کیمپ کے اختتام پر سامنے آئے گی۔قومی ہاکی ٹیم کو کیمپ کے اختتام پر تشکیل دینے کے بعد اسے سلطان اذلان شاہ ہاکی کپ میں شرکت کیلئے روانہ کیا جائے گا۔واضح رہے کہ سلطان اذلان شاہ کپ رواں برس یکم سے 10 نومبر تک ملائشیا میں کھیلا جائے گا۔قومی ہاکی ٹیم میں شرکت کیلئے متعدد اولمپینز نے کمر کس لی۔