جھنگ کو ڈویژن بنایا جائے،معاویہ اعظم نے تاریخی قرارداد پنجاب اسمبلی میں جمع کرا دی

جھنگ(وقائع نگار خصوصی)پاکستان راہ حق پارٹی کے پنجاب اسمبلی میں پارلیمانی لیڈر اور ممتاز عالم دین مولانا محمد معاویہ اعظم طارق نے پہلی مرتبہ ضلع جھنگ کو ڈویژن بنانے کی قرار داد پنجاب اسمبلی میں جمع کرا دی،تاریخی اقدام سے اہلیان جھنگ میں خوشی کی لہر دوڑ گئی،شہریوں کا کہنا ہے کہ مولانا معاویہ اعظم نے جھنگ کی تاریخ میں پہلی مرتبہ ناقابل یقین منصوبوں کو تکمیل تک پہنچایا اور جھنگ کی تعمیر و ترقی کے نئے دور کا آغاز کیا ہے،اب معاویہ اعظم طارق کی کاوشوں سے بہت جلد جھنگ کو ڈویژن کا درجہ بھی مل جائے گا ۔
تفصیلات کے مطابق رکن پنجاب اسمبلی مولانا محمد معاویہ اعظم طارق نے 1849 میں بننے والے ضلع جھنگ کو ڈویژن کا درجہ دلوانے کے لئے پہلی مرتبہ پنجاب اسمبلی میں قرارداد جمع کرا دی ہے،قرارداد میں کہا گیا ہے کہ 1849ءمیں پاک و ہند میں موجود صوبہ پنجاب کے ٹوٹل 9اضلاع تھے جن میں ضلع جھنگ بھی موجود تھا،1905میں فیصل آباد ضلع جھنگ کی تحصیل تھی جو عرصہ دراز سے ڈویژن ہے،ٹوبہ ٹیک سنگھ ،چنیوٹ اور کچھ اور بھی علاقے جھنگ سے نکل کر اضلاع بن گئے لیکن بڑوں کی عدم دلچسپی اور عدم توجہی کی وجہ سے جھنگ آج تک ڈویژن کا درجہ حاصل نہ کر سکا۔

مولانا معاویہ اعظم طارق کی جانب سے جمع کرائی گئی قرارداد میں کہا گیا ہے کہ موجودہ اسمبلی کے آغاز میں حکومت پنجاب نے ہم سے وعدہ کیا تھا کہ جونہی نئے ڈویژنز کی پر پوزل آئے گی تو جھنگ میں اس کو شامل کر کے ڈویژن کا درجہ دے دیا جائے گا لیکن افسوس کہ ایسا نہیں ہوا،پنجاب میں اور ڈویژن تو بن گئے لیکن تاریخی ضلع جھنگ سے کئے گئے وعدے کو بھلا دیا گیا،جس سے عوام میں احساس محرومی پیدا ہو رہا ہے۔قرارداد میں کہا گیا ہے کہ پنجاب کا یہ منتخب ایوان اس امر کا مطالبہ کرتا ہے کہ جھنگ کو فوری طور پر ڈویژن کا درجہ دیا جائے ۔
دوسری طرف ’پاکستان ٹائم ‘ نے مولانا معاویہ اعظم طارق کی جانب سے پنجاب اسمبلی میں قرارداد جمع کروانے کے بعد جھنگ میں سروے کیا تو شہریوں کا کہنا تھا کہ جھنگ پاکستان کا قدیم ترین ضلع ہے،یہاں کے منتخب سیاست دانوں نے جھنگ کی بہتری کے لئے کبھی آواز بلند نہیں کی،مولانا معاویہ اعظم طارق نے اپنے مرحوم والد کے نقش قدم پر چلتے ہوئے تھوڑے ہی عرصہ میں جھنگ کی تعمیر ترقی کے لئے ایسے تاریخی اقدامات اٹھائے ہیں کہ جن کی مثال نہیں ملتی،جھنگ کی تحصیل فیصل آباد،سرگودھا،ملتان کبھی ہوا کرتی تھی وہ برق رفتاری سے ترقی کرتے ہوئے کہاں سے کہاں پہنچ گئے جھنگ وہیں کا وہیں ہے،مولانا معاویہ اعظم طارق کی جانب سے پنجاب اسمبلی میں جمع کروائی گئی قرار داد کے بعد ہمیں یقین ہے کہ جلد ہی جھنگ کو ڈویژن کا درجہ مل جائے گا۔

شہریوں کا کہنا تھا کہ گجرات ڈویژن بن سکتا ہے تو جھنگ ڈویژن کیوں نہیں بن سکتا؟جھنگ کے تمام ممبران اسمبلی کو چاہئے کہ جھنگ کو ڈویژن بنانے میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں اور سیاسی اختلافات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے مولانا معاویہ اعظم طارق کا دست و بازو بنیں۔شہریوں نے سروے کے دوران اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ یہ جھنگ کی عوام کا کادیرینہ مطالبہ ہے،منتخب ممبران قومی اسمبلی جھنگ ڈویژن کے منشورکے وعدے کو یکسر ہی فراموش کئے ہوئے ہیں،اب وقت آ گیا ہے کہ جھنگ کے تمام سیاست دان مولانا معاویہ اعظم طارق کی جانب سے پنجاب اسمبلی میں قرارداد جمع کرائے جانے کے بعد ان کے ساتھ کھڑے ہوں اور اس سلسلہ میں فوری طورپر جھنگ ڈویژن کیلیے اپنا اپنا کردار ادا کریں۔
دوسری طرف خصوصی گفتگو کرتے ہوئے مولانا محمد معاویہ اعظم طارق کا کہنا تھا کہ ان شا اللہ، 170 سال پرانا ضلع جھنگ کو ڈویژن کا درجہ دلوانے کے لئے ہر محاذ پر آواز بلند کروں گا،یہ میری جھنگ دھرتی کا حق ہے،جھنگ ڈویژن بنے گا اور انشاءاللہ ضرور بنے گا ۔انہوں نے کہا کہ آپ سب کو یونیورسٹی کی تکمیل،ہسپتال کے منصوبے کے قریب تر پہنچ جانے،اندرون شہر بننے والی سڑکوں اور سیوریج،شہر جھنگ کو شور کوٹ،فیصل آباد اور موٹروے سے منسلک ہونے والے منصوبوں کے ساتھ جھنگ میں قائم ہونے والے ہاکی اور کرکٹ سٹیڈیم کی مبارکبادیں دے چکا ہوں اور اب انشاءاللہ جھنگ کو ڈویژن بننے کی بھی مبارکباد دوں گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں