جماعت اسلامی نے ملک بھر میں دھرنوں کا اعلان کر دیا

لاہور(وقائع نگار)امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے اسلام آباد کی جانب لانگ مارچ اور پہیہ جام ہڑتال کا عندیہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ 29 ستمبر کو پورے ملک کی اہم شاہراوں پر دھرنے دیں گے۔
”پاکستان ٹائم“کے مطابق حافظ نعیم الرحمان کی زیر صدارت منصورہ لاہور میں قائدین جماعت اسلامی کا اجلاس ہوا، جس میں مرکزی و صوبائی اور بڑے شہروں کی قیادت نے شرکت کی۔امیر جماعت اسلامی نے 29 ستمبر کو پورے ملک کی اہم شاہراہوں پر دھرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے راولپنڈی معاہدے پر عملدرآمد نہیں کیا،حکمرانوں نے میڈیا کے سامنے قوم کے سامنے غلط بیانی کی اور گزشتہ 45 روز میں چند کاسمیٹک اقدامات کیے جنہیں ان کی جماعت تسلیم نہیں کرتی،پورے ملک کے عوام کو بجلی کے بلوں میں ریلیف دیا جائے،بجلی کی اصل پیداواری لاگت کے مطابق ملک میں یکساں ٹیرف نافذ کیا جائے اور آئی پی پیز کے ساتھ معاہدوں کو بھی ختم کیا جائے،جماعت اسلامی بجلی کے بلوں کے بائیکاٹ پر ریفرنڈم کرائے گی جبکہ اکتوبر میں پہیہ جام ہڑتال اور اسلام آبادکی جانب لانگ مارچ کے آپشنز زیر غور ہیں،23 سے 27 اکتوبر تک 5 روز تک عوامی ریفرنڈم ہو گا جس کے بعد اکتوبر میں ہی پہیہ جام ہڑتال اور اسلام آباد کی جانب لانگ مارچ کےآپشن زیر غور ہے جبکہ 29 ستمبر کو پورے ملک کی اہم شاہراوں پر دھرنے دیں گے۔حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ حکمران اپنی عیاشیاں اور مراعات ختم کریں اور پورے ملک کی عوام کو بجلی کے بلوں پر فوری ریلیف دیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں