لاہور(رپورٹنگ ٹیم)پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی)کے احتجاج کے پیش نظر مینار پاکستان جانے والے تمام راستے کنٹینرز لگا کر سیل کر دیئے گئے جبکہ شہر بھر میں رکاوٹیں کھڑی کر کے جگہ جگہ پولیس ناکے لگا دیئے گئے،پولیس ناکوں اور رکاوٹوں کے باوجود تحریک انصاف کے کارکن ٹولیوں کی شکل میں مینار پاکستان،شاہی قلعہ،بادامی باغ،داتا دربار چوک ،جی پی او چوک اور یاد گار کے قریب جمع ہونے میں کامیاب،پولیس نے لاٹھی چارج اور شیلنگ کرتے ہوئے خواتین سمیت کئی کارکنوں کو گرفتار کر لیا،دن بھر شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا،رات گئے پولیس نے ایک بار پھر چھاپہ مار کارروائیاں کرتے ہوئے متعدد”کھلاڑیوں“کو گرفتار کر لیا،شہر بھر سے تحریک انصاف کے سینکڑوں کارکنوں کو پولیس نے احتجاج میں شامل ہونے سے پہلے ہی حراست میں لے لیا تھا،رات گئے ممبر صوبائی اسمبلی پنجاب اور صدر لاہور ڈسٹرکٹ شیخ امتیاز محمود کے گھر پولیس کا درجنوں اہلکاروں کے ہمراہ دھاوا،پولیس گھر کے مرکزی گیٹ کو توڑ کر گھر کے اندر داخل ہو گئی تاہم شیخ امتیاز پہلے ہی احتجاجی پہرے میں موجود تھے۔
”پاکستان ٹائم“کے مطابق لاہورمیں تحریک انصاف کے احتجاج کے پیش نظر مینار پاکستان کی طرف جانے والے تمام راستوں کو کنٹینرز لگاکربند کر دیا گیاجبکہ شہر کے پوش علاقوں سمیت جگہ جگہ پولیس ناکے اور رکاوٹیں کھڑی کر دی گئی، شہر کے تمام پولیس سٹیشنز سے اہلکاروں نے تحریک انصاف کے سینکڑوں کارکنوں کو گذشتہ رات اور علی الصبح ہی گھروں سے گرفتار کر کے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا تھا،اس کے باوجود دن بھر پی ٹی آئی کارکنوں کی مینار پاکستان، جی پی او چوک اور یاد گار کے قریب پولیس سے آنکھ مچولی چلتی رہی،لاٹھی چارج اور شیلنگ کے دوران پولیس نے درجنوں کارکنوں کو گرفتار کر لیا۔واضح رہے کہ لاہور میں دفعہ ایک سوچوالیس نافذ ہے،ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے حکومت نے انتظامات کر رکھے تھے جبکہ فوج کو بھی طلب کیا گیا تھا۔گذشتہ روز رات گئے ہی مینار پاکستان کے داخلی راستوں اور گیٹ پر جبکہ شاہدرہ سے مینار پاکستان آنے والے راستوں پر بھی کنٹینرزموجود تھے،جاتی امرا سے آنے اور جانے والے راستے کنٹینرز لگا کر بند کر دیے گئے جبکہ موٹر وے،بابو صابو اور ٹھوکر انٹر چینج کو بھی کنٹینرز لگا کر بند کر دیا گیا ہے،پی ٹی آئی احتجاج کے باعث لاہور میں میٹروبس سروس محدودکر دی گئی،جی ایم ماس ٹرانزٹ اتھارٹی نے بتایا کہ میٹروبس سروس گجومتہ سے ایم اے او کالج تک آپریشنل کی گئی۔دوسری طرف رات گئے سی ٹی او لاہور عمارہ اطہر کا کہنا ہے کہ شہر کے تمام داخلی و خارجی راستے کھلے ہیں،شہری با آسانی شہر میں اور شہر کے باہر جا سکتے ہیں،ایسٹرن بائی پاس بھی ٹریفک کیلئے کھول دیا گیا،بابوصابو،ٹھوکر نیاز بیگ،شاہدرہ،سگیاں سمیت تمام داخلی و خارجی راستوں پر ٹریفک معمول کے مطابق رواں دواں ہے،ٹھوکر نیاز بیگ ایم ٹو اسلام آباد موٹر وے سے کنٹینرز ہٹا لیے گئے،ٹریفک کے لیے موٹر وے کے داخلی جارجی بھی راستے کھول دیے گئے ہیں،ٹھوکر نیاز بیگ موٹر وے پر ٹریفک رواں دواں ہے،ایم ٹو موٹر وے کا راستہ مکمل طور پر کھول دیا گیا ہے،بابو صابو، موٹر وے کی جانب جانے والے راستے کو جزوی طور پر کھول دیا گیا،موٹروے کی جانب کنٹینرز ہٹا کر کھول دیا گیا،بابو صابو،ایم ٹو موٹروے پر گاڑیوں کی آمد و رفت معمول مطابق جاری ہے،راستے کھولنے پر ٹریفک کا رش بابو صابو انٹرچینج پر ختم ہو گیا۔