اَرضِ حرمین کی طرف دیکھنے والی ہر میلی آنکھ کو نکال دیا جائے گا،علامہ طاہر اشرفی نے اسرائیلی وزیر اعظم کو منہ توڑ جواب دے دیا

لاہور(خصوصی وقائع نگار)پاکستان علماء کونسل نے سعودی عرب کے خلاف اسرائیلی وزراء اور اسرائیلی وزیر اعظم کے بیان کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیلی وزراء اور اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو کو کہنا چاہتے ہیں کہ مملکتِ سعودی عرب اُمتِ مسلمہ کا مرکز ہے،اَرضِ حرمین شریفین کی سلامتی و استحکام کی طرف دیکھنے والی ہر آنکھ کو نکال باہر اور مملکت سعودی عرب کی طرف بڑھنے والے ہر پاﺅں کو کاٹ دیا جائے گا۔
”پاکستان ٹائم“کے مطابق چیئرمین پاکستان علماء کونسل و سیکرٹری جنرل انٹرنیشنل تعظیم حرمین شریفین کونسل علامہ طاہر محمود اشرفی نے مولانا اسعد زکریا قاسمی،مولانا نعمان حاشر،مولانا محمد شفیع قاسمی،مولانا اسد اللہ فاروق،علامہ طاہر الحسن،مولانا ابو بکر حمید صابری،مولانا طاہر عقیل اعوان،مولاناعزیز اکبر قاسمی،مولانا محمد اسلم صدیقی اور دیگر علماء کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیلی وزراء اور وزیر اعظم کی طرف سے مملکتِ سعودی عرب کے حوالے سے عالمی قوانین کے خلاف دئیے جانے والے بیانات دنیا کے امن سے کھیلنے کے مترادف ہیں، مملکت سعودی عرب سعودی عوام کا ہے اور اہل فلسطین فلسطینیوں کا ہے،نہ فلسطین کی سرزمین پر کسی کے قبضے کو قبول کیا جا سکتا ہے اور نہ ہی مملکتِ سعودی عرب کی سر زمین کے حوالے سے کوئی ناپاک منصوبہ یا بیان قبول کیا جا سکتا ہے۔اُنہوں نے کہا کہ پوری اُمتِ مسلمہ خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبد العزیز،اُن کے ولی عہد امیر محمد بن سلمان،سعودی عرب کی قیادت اور عوام کے شانہ بشانہ ہے اور اُن کی طرف سے کسی بھی حکم کو پورا کرنا اپنے لیے سعادت اور اعزاز سمجھتی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں