بیرون ملک بڑھتے ہوئے کشتی حادثات،مرکزی مسلم لیگ نے حکومت کو خبردار کر دیا

لاہور(سٹاف رپورٹر)پاکستان مرکزی مسلم لیگ پنجاب کے صدر چودھری سرور نے لیبیا کشتی حادثے پر کہا ہے کہ بیرون ملک کشتی حادثات کا سلسلہ نہ رکا تو بھر پور احتجاج کیا جائے گا،ان سانحات کی ذمہ دار حکومت اور مافیا ہے جن کی ملی بھگت کی وجہ سے آئے روز درجنوں پاکستانیوں کی کشتی حادثات میں اموات ہو رہی رہیں،چند ماہ میں ہونے والے متعدد کشتی حادثات کے حوالے سے پنجاب حکومت کو جوابدہ ہونا پڑے گا۔

پاکستان ٹائم کے مطابق چودھری سرور نے لیبیا کشتی حادثے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ لیبیا میں جو کشتی حادثہ ہوا،اس میں 65 پاکستانی سوار تھے،یہ پہلا حادثہ نہیں ہے بلکہ غیر قانونی طریقوں سے بیرون ملک جانے والے پاکستانی افراد کی ہلاکتیں ایک تسلسل بن چکی ہیں،ہر حادثے کے بعد حکومت تحقیقات اور کاروائی کا اعلان کرتی ہے لیکن عملا کوئی اقدام نہیں اٹھائے جاتے جس کی وجہ سے آئے روز ان سانحات میں اضافہ ہو رہا ہے،یوں لگ رہا ہے کہ مافیا کی حکومت کے ساتھ ملی بھگت کی وجہ سے ہی انسانی سمگلنگ کا سلسلہ جاری ہے،ایسے حادثات کو روکنے کے لیے حکومت کو انتہائی سخت اور فوری اقدامات کرنے ہوں گے،ان واقعات کی روک تھام کے لئے پنجاب حکومت کیوں ناکام ہو چکی ہے؟اگر ذمہ داران کو سزائیں ملتی اور کاروائی ہوتی تو پے درپے پاکستانیوں کی لاشیں نہ ملتیں،سوال یہ ہے کہ حکومت غیر قانونی طریقوں سے بیرون ملک جانے کے راستوں پر بندشیں کیوں نہیں ڈال رہی؟یہ ذمہ داری حکومت کی ہے کہ وہ انسانوں کی سمگلنگ کو روکنے کے لیے موثر اقدامات کرے۔

چودھری سرور کا مزید کہنا تھا کہ حکومت کی عدم توجہی اور غفلت کے باعث اس قسم کے سانحات میں روز بروز اضافہ ہو رہا ہے،جو کہ قومی سطح پر تشویش کا باعث ہے،ذمہ داروں کو کٹہرے میں لایا جائے اور انسانی سمگلنگ جیسے گھناونے دھندے کو بند کروایا جائے،اگر یہی سلسلہ جاری رہا اور بے گناہ پاکستانی شہریوں کی لاشیں گرتی رہیں تو پاکستانی عوام سڑکوں پر ہو گی اور حکومت کے خلاف بھر پور احتجاج کیا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں