At least 11 labourers were killed and seven others injured in an explosion in the Shahrag area of Balochistan's Harnai on Friday, according to police

بلوچستان کے بڑے ضلع میں بم دھماکہ،11مزدور جاں بحق

ہرنائی(بیورورپورٹ)بلوچستان میں دہشت گردی تھمنے کا نام ہی نہیں لے رہی،تازہ افسوسناک واقعہ میں ضلع ہر نائی میں خوناک بم دھماکہ ہوا ہے جس میں 11مزدور جاں بحق ہو گئے ہیں،دہشت گردی کے واقعہ پر صدر،وزیر اعظم،وزیر داخلہ اور وزیر اعلیٰ بلوچستان کی شدید مذمت،دہشت گردوں کو کیفرکردار پہنچانے کا عزم ۔
”پاکستان ٹائم“کے مطابق بلوچستان کے ضلع ہرنائی میں آئی ای ڈی دھماکے کے نتیجے میں 11 مزدور جاں بحق اور 15 زخمی ہو گئے۔ڈپٹی کمشنر ہرنائی کے مطابق دھماکا شاہرگ کے علاقے میں کوئلہ کان میں کام کرنے والے مزدوروں کی گاڑی کے قریب ہوا۔زخمیوں میں سے کئی کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔دھماکے کے بعد پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی نفری جائے وقوع پر پہنچی اور شواہد اکٹھے کر کے علاقے کی ناکہ بندی کرکے تحقیقات شروع کر دیں۔دھماکے میں جاں بحق اور زخمی ہونے والے زیادہ تر مزدوروں کا تعلق سوات اور شانگلہ سے بتایا جا رہا ہے۔دوسری صدر مملکت آصف زرداری نے بلوچستان کے علاقے شاہرگ میں دھماکے کی مذمت کی ہے اور مزدوروں کی وفات پر اظہار افسوس کیا ہے۔صدر نے جاں بحق ہونے والوں کے لواحقین کے ساتھ اظہار تعزیت کیا اوردھماکے میں زخمیوں کی جلد صحتیابی کی دعا کی۔ انہوں نے دہشگردی کے خاتمے تک کوششیں جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔وزیر اعظم شہباز شریف نے بھی بلوچستان میں مزدوروں کی گاڑی پر دھماکے کی مذمت کی اور زخمیوں کو ہر ممکن طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت جاری کی ہیں۔وزیر اعظم نے زخمیوں کی جلد صحتیابی کی دعا کرتے ہوئے کہا کہ درندوں کو بہت سخت قیمت ادا کرنی پڑے گی،دہشت گردی کی عفریت کے خاتمے کیلئے سرگرم عمل ہیں۔وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بلوچستان میں مزدوروں کی گاڑی پردھماکے کی مذمت کرتے ہوئے جانی نقصان پرافسوس کا اظہار کیا اور جاں بحق مزدوروں کے لواحقین سے تعزیت کا اظہار کیا اور کہا کہ زخمی مزدوروں کی جلد صحتیابی کیلئے دعا گو ہوں۔محسن نقوی نے کہا کہ معصوم لوگوں کو نشانہ بنانے والے درندے کسی رعایت کے مستحق نہیں،جاں بحق مزدوروں کے لواحقین کے غم میں برابر کے شریک ہیں،دکھ کی گھڑی میں سوگوار خاندانوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے تحصیل شاہرگ میں مزدوروں کی گاڑی کے قریب دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کا پختہ عزم ہے،بے گناہ شہریوں کو نشانہ بنانے والے دہشت گرد کسی صورت معافی کے مستحق نہیں، بلوچستان کے امن کو نقصان پہنچانے والے عناصر کے خلاف سخت کارروائی جاری رکھیں گے،امن دشمنوں کے عزائم کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیں گے،حکومت بلوچستان عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔ واقعے میں ملوث دہشت گردوں کو جلد انجام تک پہنچایا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں