لاہور(وقائع نگار خصوصی)عالم اسلام کے عظیم روحانی مرکز جامعہ حقانیہ اکوڑہ خٹک نوشہرہ میں ہونے والے افسوسناک خود کش حملے اور مولانا حامد الحق حقانی کی شہادت پر رقت آمیز پیغام جاری کرتے ہوئے علامہ حافظ طاہر محمود اشرفی آبدیدہ ہو گئے،علامہ طاہر اشرفی نے مولانا حامد الحق حقانی کی شہادت پر روتے ہوئے کہا کہ عظیم شہید کا عظیم بیٹا،دوست رب کریم نے تم کو سرخرو کر دیا،دشمن اور طاغوتی قوتیں جو بھی حربے آزمائیں،ہم اسلام اور پاکستان کے دفاع اور سلامتی کے لئے اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔
”پاکستان ٹائم“کے مطابق علامہ طاہر اشرفی نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا کہ عالم اسلام کے سب سے عظیم مرکز، پاکستان کے سب سے بڑے دینی ادارے،مجاہدین،غازیوں اور شہدا کا پشت بان دارالعلوم آج وحشت اور دہشت کا نشانہ بنا ہے،برادر عزیز مولانا حامد الحق حقانی شہید ہو گئے ہیں،میں تمام اہل اسلام سے درخواست کرتا ہوں کہ زخمیوں کے لئے دعا کریں۔علامہ طاہر اشرفی نے رقت آمیز لہجے میں کہا کہ میں پیغام دینا چاہتا ہوں کہ مولانا سمیع الحق شہید کے فرزند اسلام اور پاکستان کے لئے کل بھی طاغوتی،اسلام دشمن اور پاکستان دشمن قوتوں کے سامنے کھڑے تھے اور آج بھی کھڑے ہیں،دارالعلوم حقانیہ میں یہ حملہ داراصل ان اسلام دشمن اور پاکستان دشمن قوتوں کا حملہ ہے جو پاکستان میں بد امنی اور مسلمانوں میں تفریق چاہتے ہیں،جو اسلام کے حقیقی پیغام کو پھیلتا ہوا نہیں دیکھنا چاہتے، ہم نے اپنے شہید بابا مولانا سمیع الحق کے جنازے میں کھڑے ہو کر یہ عزم کیا تھا کہ ان کا مشن جاری و ساری رہے گا، آج پھر ہم یہ عزم کرتے ہیں کہ دشمن اور طاغوتی قوتیں جو بھی حربے آزمائیں،ہم اسلام اور پاکستان کے دفاع اور سلامتی کے لئے اپنی جدوجہدجاری رکھیں گے،اللہ رب العزت شہدا کے درجات بلند فرمائے اور زخمیوں کو صحت یاب کرے ۔انہوں نے روتے ہوئے کہا کہ عظیم شہید کا عظیم بیٹا ،دوست رب کریم نے تم کو سرخرو کر دیا،شہید بابا کا شہید بیٹا بابا حامد سرخرو ہو گیا،بابا وہ کامیاب ہو کر آپ کے پاس پہنچ گیا،شہید بابا آپ حامد الحق کے بارے فکر مند ہوتے تھے لیکن حامد الحق نے ثابت کر دیا کہ وہ آپ کا حقیقی جانشین تھا،بابا رب کعبہ کی قسم وہ آپ کا مشن پورا کرتے ہوئے آپ کے پاس آ گیا۔
