وزیر اعظم کے جنرل اسمبلی سے خطاب کے موقع پر تاریخی احتجاج کیا جائے گا،نوید وڑائچ

نیو یارک(سٹاف رپورٹر )پاکستان تحریک انصاف نیو جرسی کے صدر نوید وڑائچ نے کہا ہے کہ 23ستمبر کو وزیر اعظم پاکستان کے جنرل اسمبلی سے خطاب کے موقع پر 47سٹریٹ فرسٹ ایونیو کے اوپر احتجاج کیا جائے گا۔

اپنے ایک ویڈیو بیان میں انہوں نے کہا کہ احتجاج میں اوورسیز پاکستانیز بڑی تعداد میں اپنے خاندان اور بچوں کے ہمراہ شریک ہوں گے۔اس موقع پر مفرور کرپٹ اور امپورٹڈ حکومت مسلط کرنے والے طاقت وار حلقوں کو پیغام دیا جائے گا کہ کسی صورت یہ حکومت قبول نہیں،پاکستان جن مشکل حالات سے گزر رہا ہے سب جانتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اس موقع پر یہ مطالبہ کیا جائے گا کہ پاکستان میں صاف اور شفاف الیکشن کرائے جائیں جو جیتے وہ حکومت بنائے اور ملک کو بہتری کی طرف لے کر جائے،امپورٹڈ حکمرانوں اور کرپٹ معافیا سے چھٹکارے حاصل کرنا ہو گا۔ جس کے اوپر فرد جرم عائد ہوناتھی اسے وزیر اعظم بنا کر ہم پر مسلط کر دیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں ظلم و ستم کر رہا ہے جبکہ یہ مودی کو اپنے گھر کھانے پر بلاتے ہیں،اس موقع پر انہوں نے اپنا پیغام اور آواز عوام تک پہنچانے پر سب نیوز کا بھی خصوصی طور پر شکریہ ادا کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں