YDA observes strike against doctor

ایم ایس میو ہسپتال کی معطلی،ینگ ڈاکٹر ایسوسی ایشن بھی میدان میں آ گئی

لاہور(ہیلتھ رپورٹر)صوبائی دارالحکومت کے سب سے بڑے میو ہسپتال میں ادویات کی قلت کے معاملے پر مریم نواز شریف کے ایکشن کے بعد مزید معطلیاں کی گئی ہیں جبکہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر فنانس ڈیپارٹمنٹ نے ہسپتال میں ادویات کے لئے کثیر فنڈز جاری کر دیئے ہیں،دوسری طرف وزیر اعلیٰ پنجاب کے ایکشن پر ینگ ڈاکٹر ایسوسی ایشن (وائے ڈی اے)بھی میدان میں آ گئی ہے۔
”پاکستان ٹائم “کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے ایکشن کے بعد محکمہ سپیشلایزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن نے چیف فارماسسٹ کو معطل کر تے ہوئے فوری رپورٹ کرنے کا حکم دیا ہے جبکہ سیکرٹری فارمیسی کونسل پنجاب زکا الرحمان کو چیف فارماسسٹ میو ہسپتال کا اضافی چارج دے دیا گیا۔دوسری جانب میو ہسپتال لاہور میں ایم ایس کی معطلی کے معاملے پر وائے ڈی اے نے ایم ایس کی معطلی کو مسترد کر تے ہوئےکہا کہ یہ ہتک آمیز رویہ تمام ڈاکٹرز اور وائٹ کوٹ کی تکریم کیخلاف تھا،ایک سیاسی شخص نے اپنی نااہلی چھپانے کیلئے ان پہ الزام لگا کر انہیں فارغ کیا۔ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن پنجاب کے صدر ڈاکٹر شعیب نیازی نے بیان میں کہا کہ پروفیسر فیصل مسعود ایم ایس ہونے کے ساتھ بہترین ڈاکٹر اور استاد بھی ہیں،ان کے شاگرد پاکستان بھر کے مختلف ہسپتالوں میں اپنی خدمات سرانجام دے رہے ہیں،یہ ہتک آمیز رویہ ایک ڈاکٹر نہیں تمام ڈاکٹرز،وائٹ کوٹ کی تکریم کیخلاف تھا،ڈاکٹر کو پروفیسر بننے تک 20 سے 25 سال کا عرصہ لگتا ہے،وہ اپنی نیند، خوشیوں،تقریبات کی قربانی دیتے ہیں،ایک سیاسی شخص نے اپنی نا اہلی چھپانے کیلئے ان پہ الزام لگا کر انہیں فارغ کیا۔ڈاکٹر شعیب کا کہنا تھا کہ انکا رویہ دراصل یہ پیغام دیتا ہے کہ یہ ملک اشرافیہ کی لونڈی ہے،میو ہسپتال کو چار ارب روپے نہیں دئیے گئے،پنجاب بھر میں ادویات کسی بھی ہسپتال میں نہیں آرہی ہیں،اگر ہسپتالوں میں واقعی کوئی تبدیلی لانا چاہتے ہیں تو ”تھرڈ پارٹی آڈٹ“ کرائیں۔

ادھر وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر میو ہسپتال کو ادویات خریداری کیلئے 340 ملین روپے منتقل کر دئیے گئے ہیں۔میو ہسپتال میں خالی آسامیاں کی پے اور الاونس کے موجود فنڈز ادویات خریداری کے لئے استعمال کرنے کی اجازت دیدی گئی۔فنانس ڈیپارٹمنٹ نے پے اینڈ الاونس فنڈز ازسرنو مختص کرنے کا حکم نامہ جاری کر دیا،میو ہسپتال کے بجٹ میں اضافی فنڈز میسر ہونے کے باوجود استعمال میں نہیں لائے گئے۔واضح رہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے میو ہسپتال کا اچانک دورہ کیا تھا جہاں مریضوں اور تیمار داروں نے شکایات کے انبار لگا دیے،ناقص سہولیات اور بدانتظامی پر وزیر اعلیٰ نے سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ہسپتال انتظامیہ کی سخت سرزنش کی تھی اور موقع پر ہی ایم ایس کو معطل کرنے کے احکامات جاری کئے تھے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں