Hafiz Naeem demands Rs50 per litre cut in petrol prices amid falling crude oil costs

پٹرول کی قیمت کتنی سستی ہونی چاہئے؟حافظ نعیم الرحمن نے حکومت کے لئے بڑی مشکل کھڑی کر دی

لاہور(سٹاف رپورٹر)امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے حکومت سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پیٹرول کی قیمت میں 50 روپے فی لیٹر کمی کا اعلان کرے،پاکستان میں انجمن غلامان امریکہ کی بہار ہے،حکومت ہو یا اپوزیشن سب کو واشنگٹن کی خوشنودی چاہیے،حکمران طبقہ کو یوکرین کے صدر زیلنسکی کے انجام سے عبرت حاصل کرنی چاہیے،امریکی مفادات کے لیے ملکی خودمختاری کو داو پر لگانے والوں کے حصے میں صرف رسوائی اور بربادی آتی ہے۔
”پاکستان ٹائم“کے مطابق منصورہ سے جاری بیان میں حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ ماہ رمضان میں مہنگائی نے عوام کی کمر توڑ دی ہے،وزیر اعظم کے مہنگائی کم کرنے کے دعوے قوم سے مذاق ہیں،اشیائے ضروریہ دن بدن عام آدمی کی پہنچ سے مزید دور ہوتی جا رہی ہیں،آئی پی پیز معاہدوں کے خاتمے سے ہونے والی بچت کا فائدہ عوام کو بجلی کی قیمتوں میں کمی کی صورت میں نہیں پہنچ رہا،عیدالفطر کے بعد مہنگی بجلی کے خلاف اور عوام کے حقوق کے حصول کے لیے بڑی تحریک کا آغاز کریں گے۔حافظ نعیم الرحمن نے مطالبہ کیا ہے کہ حکومت پٹرول کی قیمت میں کم از کم 50 روپے فی لیٹر کمی کا فوری اعلان کرے،عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں مسلسل کمی ہو رہی ہے،گزشتہ 50 دنوں کے اندر 12 ڈالرز فی بیرل سے زائد کی کمی ہوئی ہے،قیمت 82 ڈالر سے کم ہو کر 69.3 ڈالر پر آگئی ہے،یہ قیمت اگست 2021 کی سطح کی ہے،پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کو بھی اسی سطح پر لایا جائے۔انھوں نے کہا کہ حکومت نے پہلے ہی عوام پر لیوی چارجز کا ناجائز بوجھ ڈالا ہوا ہے،پٹرولیم لیوی کو فی الفور ختم کیا جائے،عالمی منڈی میں فی بیرل قیمت میں ایک ڈالر اضافہ ہو جائے تو مقامی سطح پر قیمتوں میں بے پناہ اضافہ کر دیا جاتا ہے۔انھوں نے کہا کہ حکومت مسلسل عوام کو نشانہ بنا رہی ہے،حکمران اپنی مراعات کم کرنے کو تیار نہیں،جاگیردار اور بڑے سرمایہ دار ٹیکس نہیں دیتے،آئی پی پیز کو ٹیکس پر تقریباً دو ہزار ارب کی چھوٹ دی گئی،ملک میں بے روزگاری بڑھ رہی ہے،تعلیم کو عام آدمی کی پہنچ سے دور کر دیا گیا ہے،پونے تین کروڑ بچے سکولوں سے باہر ہیں،پنجاب میں سکولوں کو این جی اوز کے حوالے کیا جا رہا ہے،آزادی اظہار رائے پر پابندی عائد ہے،ان حالات میں ملک آگے نہیں بڑھ سکتا۔انھوں نے کہا کہ جماعت اسلامی عوام کے حقوق کے حصول اور آئین و قانون کی بالادستی اور جمہوری آزادیوں کے لیے بڑی تحریک کا آغاز کرے گی،پر امن مزاحمت کریں گے اور انشا اللہ ملک کو لٹیروں اور غاصبوں سے نجات دلائیں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں