مرکزی مسلم لیگ،ایک سیاسی اور فلاحی جماعت

تحریر:خالد شہزاد فاروقی


رمضان المبارک کا مہینہ رحمتوں اور برکتوں سے بھرپور ہوتا ہے اور اس مقدس مہینے میں سیاسی و سماجی سرگرمیاں بھی ایک مخصوص انداز میں جاری رہتی ہیں۔گذشتہ سے پیوستہ روز مرکزی مسلم لیگ کی جانب سے گلبرگ کے مقامی ہوٹل میں لاہور کے سینئر اخبار نویسوں اور ٹی وی میزبانوں کے اعزاز میں منعقدہ افطار ڈنر بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی تھا،اس تقریب میں جماعت کی قیادت اور صحافیوں نے مل بیٹھ کر روزہ افطار کیا اور تنظیم کے منشور پر تبادلہ خیال کیا،یہ تقریب نہ صرف روزہ افطار کا ایک خوبصورت موقع تھی بلکہ ایک سیاسی و سماجی پیغام بھی تھا کہ سیاست کا اصل مقصد عوام کی خدمت اور ان کے مسائل کے حل کے لیے مخلصانہ کوششیں کرنا ہوتا ہے۔۔

افطار ڈنر میں شریک مرکزی صدر خالد مسعود سندھو،سیکرٹری اطلاعات تابش قیوم اور لاہور کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر مزمل اقبال ہاشمی سمیت دیگر رہنماوں نے اپنی گفتگو میں اپنی جماعت کے بنیادی اصولوں اور منشور پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ مرکزی مسلم لیگ سیاست کو عبادت کا درجہ دیتی ہے اور اس کا بنیادی مقصد عوامی خدمت ہے،ان کی جماعت کسی خاص طبقے یا گروہ کی نہیں بلکہ پورے ملک کے عوام کی جماعت ہے،جو بلا تفریق رنگ و نسل اور فرقہ بندی سے بالا تر ہو کر قومی یکجہتی کے فروغ،تعلیم،صحت اور فلاحی شعبوں میں بہتری لانے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے،بے روزگار نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع پیدا کرنا اور خواتین کو معاشی خود مختاری دینے کے لیے مختلف منصوبے متعارف کرائے جا رہے ہیں،ضرورت مندوں کے لیے مفت علاج،یتیم اور بے سہارا بچوں کی کفالت اور مستحق طلبہ کو تعلیمی وظائف جیسی سہولیات فراہم کرنا جماعت کے منشور کا بنیادی حصہ ہے۔۔۔

پاکستان میں سیاست کا بنیادی مقصد عوامی خدمت ہونا چاہیے مگر بدقسمتی سے زیادہ تر سیاسی جماعتیں ذاتی مفادات اور اقتدار کی رسہ کشی میں مصروف نظر آتی ہیں تاہم مرکزی مسلم لیگ نے جس انداز میں سیاست کی ہے، وہ ایک مثال کے طور پر لی جا سکتی ہے۔۔۔اگر باقی سیاسی جماعتیں بھی اسی طرز پر عوامی فلاح و بہبود کو اپنی اولین ترجیح بنا لیں تو ملک کی تقدیر بدل سکتی ہے۔۔۔اس میں کوئی شک نہیں ہے کہ مرکزی مسلم لیگ نے ہمیشہ اپنی سیاست کو خدمت کے اصول پر استوار رکھا ہے۔۔اس جماعت نے عوامی بہبود کے منصوبوں پر خصوصی توجہ دی اور ترقیاتی کاموں کو اپنی ترجیحات میں شامل رکھا۔۔چاہے وہ تعلیمی میدان ہو،صحت کے شعبے میں اصلاحات ہوں یا بنیادی ڈھانچے کی ترقی،اس جماعت نے ہمیشہ عملی اقدامات کیے ہیں۔۔۔

بدقسمتی سے پاکستان کی بیشتر سیاسی جماعتیں نعرے اور بیانات تک محدود رہی ہیں،عوام سے کیے گئے وعدے انتخابات کے بعد فراموش کر دیے جاتے ہیں۔۔۔مرکزی مسلم لیگ ملکی سیاست سے زیادہ اپنی فلاحی سرگرمیوں کے باعث پہچانی جاتی ہے،اس جماعت کی سب سے بڑی طاقت ملک کے طول و عرض میں پھیلے ہوئے وہ ہزاروں کارکن ہیں جو کسی ذاتی مفاد کے بغیر محض اپنے نظریے اور قوم کی خدمت کے جذبے سے سرشار ہو کر کام کرتے ہیں۔۔۔یہی کارکن تنظیم سازی کے ساتھ ساتھ فلاحی منصوبوں کو عملی جامہ پہنانے میں بھی پیش پیش رہتے ہیں۔۔۔مرکزی مسلم لیگ کا بنیادی اصول عوام سے جڑنا اور ان کے مسائل کو براہ راست حل کرنا ہے۔۔۔اسی لیے پارٹی نے گراس روٹ لیول پر اپنی تنظیم سازی پر خصوصی توجہ دی ہے۔۔۔ہر گاوں،یونین کونسل،تحصیل اور ضلع کی سطح پر باقاعدہ تنظیمی ڈھانچہ قائم کیا تاکہ مقامی سطح پر عوامی مسائل کے حل کے لئے موثر حکمت عملی اپنائی جا سکے۔۔۔پارٹی کارکنان ہر علاقے میں موجود اور ہر وقت فلاحی کاموں کے لیے کمر بستہ رہتے ہیں،جو نہ صرف عوامی مسائل سنتے بلکہ انہیں متعلقہ اداروں تک پہنچانے اور حل کروانے میں بھی کلیدی کردار ادا کرتے ہیں۔۔زلزلے،سیلاب یا دیگر ناگہانی آفات کے موقع پر یہ کارکن اپنی مدد آپ کے تحت متاثرہ افراد کی خدمت میں مصروف ہو جاتے ہیں،متاثرین کو فوری مدد فراہم کرنے،خیمہ بستیاں سجانے،کھانے پینے کی اشیاء،طبی سہولیات اور دیگر ضروری امداد فراہم کر کے یہ متاثرین کی بحالی میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔۔مزید برآں،تعلیم،صحت اور روزگار کے میدان میں بھی مرکزی مسلم لیگ نے کئی منصوبے شروع کیے ہیں۔کئی مقامات پر فری میڈیکل کیمپس،تعلیمی وظائف اور روزگار کی فراہمی کے منصوبے چلائے جا رہے ہیں جن کا مقصد ملک کے غریب اور پسماندہ طبقات کو سہولت فراہم کرنا ہے۔۔۔

پاکستان میں بڑھتی ہوئی بے روزگاری ایک سنگین مسئلہ بن چکی ہے،جس نے عوام کی زندگیوں پر گہرے اثرات مرتب کیے ہیں۔ایسے میں مرکزی مسلم لیگ نے ایک مثبت قدم اٹھاتے ہوئے کراچی سمیت دیگر بڑے شہروں میں بے روزگار افراد کو روزگار کی فراہمی کا بیڑہ اٹھایا ہے،اس اقدام کا مقصد نہ صرف بے روزگاری کو کم کرنا بلکہ معیشت کو بھی مستحکم بنانا ہے۔۔۔نوجوانوں کو مختلف ہنر سکھانے کے لیے خصوصی تربیتی پروگرامز شروع کیے گئے ہیں تاکہ وہ ہنر مند بن کر روزگار حاصل کر سکیں،دلچسپی رکھنے والے افراد کو کاروبار کے لیے مالی معاونت اور مشاورت فراہم کی جا رہی ہے تاکہ وہ خود کفیل بن سکیں۔۔۔مرکزی مسلم لیگ کی شکل میں بے روزگار نوجوانوں کو امید کی ایک نئی کرن نظر آ رہی ہے اور وہ اس موقع سے بھرپور فائدہ اٹھانے کی کوشش کر رہے ہیں۔اگر یہ اقدامات اسی رفتار سے جاری رہے تو امید کی جا سکتی ہے کہ پاکستان میں بے روزگاری کی شرح میں نمایاں کمی آئے گی اور عوام کے معاشی حالات میں بہتری آئے گی۔۔۔

رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں مرکزی مسلم لیگ کی فلاحی سرگرمیاں مزید بڑھ جاتی ہیں۔یہ جماعت ملک بھر میں لاکھوں افراد کے لیے سحر و افطار کا انتظام کر رہی ہے تاکہ کوئی بھی روزہ دار بھوکا نہ رہے۔۔۔مختلف شہروں میں اجتماعی سحری و افطار دستر خوان لگائے جاتے ہیں،جہاں روزہ داروں کو عزت و تکریم کے ساتھ کھانے کی سہولت فراہم کی جاتی ہے۔اس کے علاوہ،مستحق افراد میں ہزاروں کی تعداد میں راشن بیگز تقسیم کیے جا رہے ہیں تاکہ ضرورت مند خاندانوں کو خوراک کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔۔مرکزی مسلم لیگ خواتین،بچوں اور معذور افراد کے حقوق کے تحفظ کے لیے بھی کام کر رہی ہے۔خواتین کو ہنر سکھانے کے لیے ٹریننگ سینٹرز قائم کیے گئے ہیں جہاں انہیں مختلف ہنر سکھا کر خود کفیل بنایا جاتا ہے۔۔مرکزی مسلم لیگ کی یہ فلاحی خدمات اس کے عوامی خدمت کے جذبے کو ظاہر اور یہ ثابت کرتی ہیں کہ سیاست کے ساتھ ساتھ فلاحی کاموں میں بھی اس جماعت کا ایک نمایاں کردار ہے۔اس کے اقدامات معاشرے میں یکجہتی اور خیر سگالی کے جذبات کو فروغ اور لوگوں کی زندگیوں میں مثبت تبدیلیاں لاتے ہیں۔۔پاکستان کو اس وقت ایسی ہی سیاست کی ضرورت ہے جو عوام کی حقیقی خدمت کرے۔اگر تمام سیاسی جماعتیں خود کو صرف اقتدار تک محدود کرنے کے بجائے عوامی خدمت پر توجہ دیں تو ملک میں خوشحالی،استحکام اور ترقی کا نیا دور شروع ہو سکتا ہے۔مرکزی مسلم لیگ نے جو مثال قائم کی ہے،اس سے سیکھ کر دیگر جماعتیں بھی اپنی پالیسیوں میں مثبت تبدیلی لا سکتی ہیں۔۔۔اگر تمام سیاسی جماعتیں خدمت کی سیاست کو اپنائیں تو پاکستان میں بے روزگاری،غربت،تعلیم کی کمی اور صحت کے مسائل کم ہو سکتے ہیں۔۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں