کراچی(بیورو رپورٹ)سندھ کے سینئر وزیر ٹرانسپورٹ شرجیل انعام میمن نے وزیر اعظم سے اپیل کی کہ وہ کراچی کے لیے 180 بسوں کی فراہمی کے اپنے وعدے کو پورا کریں،یہ کراچی کے شہریوں کا حق ہے،وزیر اعظم کو اپنی کمٹمنٹ پوری کرنی چاہیے اور کراچی کے عوام کو بہتر سفری سہولتیں فراہم کرنی چاہئیں۔
”پاکستان ٹائم“کے مطابق سندھ کے سینئر وزیر اور صوبائی برائے اطلاعات،ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ ٹرانسپورٹ شرجیل میمن نے یلو لائن بی آر ٹی کے جاری تعمیراتی کام کا دورہ کیا اور منصوبے کی پیش رفت کا معائنہ کیا۔اس موقع پر محکمہ ٹرانسپورٹ کے سیکریٹری اسد ضامن،پروجیکٹ ڈائریکٹر یلو لائن ضمیر عباسی،انجینئرز،تعمیراتی کمپنیوں کے نمائندے اور کنسلٹنٹس بھی موجود تھے،کنسلٹنٹس نے سینئر وزیر کو منصوبے پر تفصیلی بریفنگ دی،جس میں پیش رفت،حائل رکاوٹوں اور تکمیل کے متوقع وقت کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔شرجیل انعام میمن نے موقع پر ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ یلو لائن بی آر ٹی کی تکمیل میں کسی قسم کی تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی اور اسے مقررہ مدت سے پہلے مکمل کیا جائے گا۔شرجیل میمن نے کہا ہے کہ بی آر ٹی پروجیکٹ پر مقررہ وقت پرکام مکمل نہ ہونے پر لوگ گالیاں دیتے ہیں،یہ ان کا حق ہے،کراچی میں منصوبوں پر بہت سے چیلنج کا سامنا ہے،گرین لائن بی آرٹی میں پچاس ہزار مسافر سفرکریں گے،وزیر اعظم بسوں کی فراہمی کے وعدے پرعمل کریں،یہاں پر ہر محکمہ کوئی نہ کوئی کیڑا نکالتا ہے،وزیر اعظم نے 180 بسز کی بات کی تھی،وزیراعظم سے گزارش ہے اپنے وعدے پرعمل کریں۔انہوں نے کہا کہ گرین لائن بی آرٹی میں 50 ہزار مسافر سفرکریں گے،ورلڈ بینک کے تعاون سے سندھ حکومت منصوبے پر کام کر رہی ہے، لوگوں کی زندگی میں آسانی پیدا کرنا حکومتوں کا کام ہے۔
