سندھ حکومت نے نوکری پیشہ خواتین کو بڑی خوشخبری سنا دی

کراچی(بیورو رپورٹ)حکومت سندھ نے نوکری پیشہ خواتین کو مفت پنک اسکوٹر فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے۔
”پاکستان ٹائم“کے مطابق میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سندھ کے سینئر وزیر اور صوبائی برائے اطلاعات، ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ ٹرانسپورٹ شرجیل انعام میمن نے کہا کہ کراچی کے شہریوں کے لیے سٹیٹ آف دی آرٹ منصوبہ بنایا جا رہا ہے،حکومت سندھ عوام کو زیادہ سے زیادہ سہولتیں فراہم کرنے کے لیے دن رات محنت کر رہی ہے، یلو لائن بی آر ٹی منصوبہ ستمبر 2025 میں مکمل ہونا تھا لیکن اب مئی 2025 تک مکمل کر دیا جائے گا، یعنی یہ منصوبہ مقررہ مدت سے پانچ ماہ قبل مکمل ہوگا، تعمیراتی کام میں یوٹیلیٹی کا بڑا مسئلہ ہوتا ہے مگر حکومت سندھ اس چیلنج سے نمٹنے کے لیے پرعزم ہے۔ ریڈ لائن بی آر ٹی کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سول ایوی ایشن، واٹر بورڈ اور کے فور کی وجہ سے اس منصوبے میں کچھ مسائل درپیش ہیں، جنہیں جلد حل کیا جائے گا،محکمہ ٹرانسپورٹ کے افسران بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کر رہے ہیں اور منصوبے کو جلد مکمل کرنے کے لیے متحرک ہیں۔ گرین لائن کے کرایے نہیں بڑھائے جائیں گے بلکہ سہولتوں میں مزید اضافہ کیا جائے گا تاکہ عوام کو بہتر سفری سہولتیں فراہم کی جا سکیں۔ خواتین کے لیے خصوصی اقدامات کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پنک اسکوٹر خواتین کو مفت فراہم کی جا رہی ہیں، جو خصوصی طور پر نوکری پیشہ خواتین کے لیے ہوں گی، پنک ٹیکسی سروس بھی جلد متعارف کرائی جا رہی ہے، تاکہ خواتین کے لیے محفوظ اور آرام دہ سفری سہولتیں فراہم کی جا سکیں، اس کے ساتھ ساتھ، حکومت سندھ نے “آئی ورک فار سندھ” ایپ اور پورٹل کا آغاز کر دیا ہے، جس کے ذریعے بے روزگار نوجوانوں کو روزگار کے مواقع فراہم کیے جائیں گے، یہ تمام منصوبے کراچی کے عوام کے لیے ہیں اور انہیں بروقت مکمل کیا جائے گا تاکہ شہر میں جدید سفری سہولتیں دستیاب ہو سکیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں