amiat Ulema-e-Islam’s (JUI) former senior leader Hafiz Hussain Ahmed passed away after a prolonged illness, reported Pakistan Time on Wednesday.

حافظ حسین احمد انتقال کر گئے

کوئٹہ (بیورو رپورٹ)جمعیت علماءاسلام ف کے مرکزی رہنما اور ممتاز پارلیمنٹرین سابق سینیٹر حافظ حسین احمد کوئٹہ میں انتقال کر گئے۔
”پاکستان ٹائم“کے مطابق جمیعت علما ئے اسلام کے رہنما،ممتاز اسلامی سکالر اور سابق رکن قومی اسمبلی و سینیٹ حافظ حسین احمد طویل علالت کے بعد خالق حقیقی سے جا ملے،حافظ حسین احمد کی عمر تقریباً 74 برس تھی،وہ گذشتہ کچھ عرصے سے علیل تھے۔حافظ حسین احمد 1951 میں کوئٹہ کے ایک مذہبی گھرانے میں پیدا ہوئے۔ابتدائی تعلیم قرآن،حدیث،فقہ اور عربی ادب میں حاصل کی۔دینی علوم میں درسِ نظامی اور حفظِ قرآن کی اسناد رکھتے تھے۔ انہوں نےسیاسی کیریئر کا آغاز 1973 میں بلوچستان کی سیاست سے کیا۔بعد ازاں قومی سطح پر جمیعت علمائے اسلام میں نمایاں کردار ادا کیا۔وہ دو مرتبہ قومی اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے،پہلی بار 1988 سے 1990 اور دوسری بار 2002 سے 2007 تک۔اس کے علاوہ وہ مارچ 1991 سے مارچ 1994 تک سینیٹ آف پاکستان کے رکن بھی رہے۔حافظ حسین احمد پاکستان نیشنل الائنس کے اہم رہنماوں میں بھی شمار ہوتے تھے اور قومی اسمبلی میں ڈپٹی پارلیمانی لیڈر کے طور پر خدمات انجام دے چکے ہیں۔ان کی وفات سے ملک ایک مدبر سیاستدان اور جید عالمِ دین سے محروم ہو گیا ہے۔مختلف سیاسی،مذہبی اور سماجی حلقوں نے ان کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

جمیعت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سمیت دیگر مذہبی و سیاسی رہنماوں نے ان کی دینی و سیاسی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔واضح رہے کہ دسمبر 2022 میں اختلافات ختم کر کے حافظ حسین احمد دوبارہ جمعیت علمائے اسلام(ف)میں شامل ہو گئے تھے۔جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے سابق سینیٹر حافظ حسین احمد کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے اپنے تعزیتی پیغام میں کہا کہ حافظ حسین احمد کی وفات سے حسین یادوں کا ایک باب ختم ہو گیا ہے،جوانی سے بڑھاپے تک ایک ہی کاز کے لیے ایک ہی پلیٹ فارم سے جدوجہد کی یادیں ہمیشہ یاد رہیں گی۔انہوں نے حافظ حسین احمد کو ایک زیرک،حاضر جواب،نکتہ داں،سیاسی، نظریاتی اور پارلیمانی رہنماء قرار دیتے ہوئے دعا کی کہ اللہ کریم حافظ صاحب کی سیئات سے درگزر فرما کر ان کی خدمات کو قبول فرمائے،رمضان کریم کی بابرکت ساعات میں اللہ کریم کے حضور پیش ہونا یقینا حافظ صاحب کے بلندی درجات کا سبب بنے گا۔سربراہ جے یو آئی نے حافظ حسین احمد مرحوم کے فرزندان،اہل خانہ،متعلقین اور جے یو آئی کارکنوں سے اظہار تعزیت کیا اور اہل مدارس، کارکنان اور رہنماوں سے اپیل کی کہ وہ اپنی دعاوں میں حافظ صاحب کو یاد رکھیں۔مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ غم کی اس گھڑی میں وہ اہل خانہ کے ساتھ برابر کے شریک ہیں اور دعا گو ہیں کہ اللہ کریم اہل خانہ کو صبر جمیل عطا فرمائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں