واشنگٹن(سٹاف رپورٹر)وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ اس وقت الیکشن کا مطالبہ کرنے والا سیلاب زدگان کی زندگیوں سے کھیل رہا ہے،غلطی عمران خان کرے اور سزا اسد مجید کو دوں،یہ نا انصافی ہے،پہلے الیکشن کا 0.1 فیصد چانس تھا لیکن اب میرا ملک سیلاب میں ڈوب چکا ہے۔
واشنگٹن میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیرخارجہ بلاول بھٹو نے کہا کہ اسد مجید اپنی ذمہ داریاں ادا کر رہے ہیں،غیر ذمہ دارانہ کام خان صاحب نے کیا،غلطی عمران خان کرے اور سزا اسد مجید کو دوں،یہ نا انصافی ہے۔انہوں نے کہا کہ عمران خان نے ہمارے خارجہ تعلقات کو نقصان پہنچایا،شکر الحمد ﷲ ہم اب صحیح سمت میں چل رہے ہیں،سیلاب متاثرین کی مدد پہلا اور سیاست بعد کا کام ہے،جو اس وقت سیاست کر رہا ہے وہ دراصل سیلاب متاثرین کی زندگی سے کھیل رہا ہے،الیکشن کا مطالبہ سیلاب زدگان کی زندگیوں سے کھیلنا ہے،عمران خان کا مطالبہ جمہوریت کی بحالی اور پارلیمان کی بالادستی نہیں بلکہ ان کا مطالبہ یہ ہے کہ ادارے متنازعہ کردار ادا کرکے عمران خان کو اقتدار میں واپس لے آئیں۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ سیلاب متاثرین کے لیے جتنا بھی کیا جائے ناکافی ہو گا،پاکستان اور بھارت کو موسمیاتی تبدیلی سے متعلق مل کر کام کرنا چاہیے،موسمیاتی تبدیلی کا شکار 10 بڑے ممالک کو مل کر آواز اٹھانا ہو گی،سیلاب متاثرین کی مدد پہلا اور سیاست بعد کا کام ہے۔