مظفرآباد(نیوز رپورٹر)قائد حزب اختلاف چوہدری لطیف اکبر مظفرآباد میں تحریک انصاف آزادکشمیر کے سب سے بڑے جلسے کے انعقاد پر بوکھلا گئے ہیں،آزاد کشمیر کے عوام نے عمران خان کے جلسے میں جوق در جوق شامل ہو کر روایتی سیاست کے تابوت میں کیل ٹھونک دیا ہے۔
قائدحزب اختلاف چوہدری لطیف اکبر کی پریس کانفرنس پر سینئر نائب صدر تحریک انصاف آزاد کشمیر چوہدری ظفر انور نے رد عمل دیتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس خان رواداری اور اصولوں کی سیاست کو فروغ دیا ہے،چوہدری لطیف اکبر بحیثیت اپوزیشن لیڈر جمہوری عمل کا حصہ ہیں اور وزیراعظم سردار تنویر الیاس خان کے لیے قابل احترام ہیں لیکن پہلے مختلف پلیٹ فارمز نامناسب الفاظ استعمال کر کے انہوں نے سیاسی رواداری پر مبنی ماحول کو خراب کیا۔
سینئر نائب صدر تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ چوہدری لطیف اکبر آزاد کشمیر میں رواداری کی سیاست ختم کرنا چاہتے ہیں اور وہ چاہتے ہیں کہ آزاد کشمیر کے لوگوں کو ایک دوسرے کے سامنے کھڑا کر کے پر امن سیاسی ماحول کو خراب کیا جائے ،پی پی پی نے اپنے دور حکومت میں بلدیاتی الیکشن کرانے کا اعلان کر کے راہ فرار اختیار کی۔
چوہدری ظفر انور نے کہا کہ اب جب حکومت بلدیاتی الیکشن کروا کر اقتدار نچلی سطح پر منتقل کرنا چاہتی ہے تو اس کے راستے میں سب سے بڑی رکاوٹ پیپلزپارٹی ہے، تحریک عدم اعتماد ایک سیاسی سٹنٹ ہے،اپوزیشن اپنا شوق پورا کر لے،ناکامی انکا مقدر بنے گی،پی ٹی آئی آزاد کشمیر کی پارلیمانی پارٹی متحد و منظم ہے اور وزیر اعظم سردار تنویر الیاس خان کی قیادت میں سب ایک پیج پر ہیں اور وہ پیج عمران خان ہیں، آزاد کشمیر کی تاریخ کا سب سے بڑا جلسہ پی ٹی آئی آزاد کشمیر اور عمران خان کے چاہنے والوں نے اپنے خرچے پر کیا،سرکار کا اس سے کوئی تعلق نہیں۔انھوں نے کہا کہ اپوزیشن لیڈر یہ بھول گئے کہ یہ پی پی پی کی حکومت نہیں جو ریاستی خزانہ لوٹنے میں ماہر ہے، یہ پی ٹی آئی کی حکومت ہے جو ریاستی خزانے کی محافظ ہے، اپوزیشن لیڈر کو اپنے پارلیمانی و سیاسی مرتبے سمیت عمر کا خیال اور لحاظ کرنا چاہیے۔
