مخا لفین عمران خان کی مقبولیت سے بوکھلاہٹ کا شکار ہو چکے ،شمائلہ حیدر

مظفر آباد(سٹاف رپورٹر)پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی )آزاد کشمیر کی مرکزی رہنما شمائلہ حیدر نے کہا ہے کہ مظفر آباد کے تاریخ ساز جلسہ کے بعد مخا لفین عمران خان کی مقبولیت سے بوکھلاہٹ کا شکار ہو چکے ہیں، امپورٹڈحکومت نے عالمی سطح کے لیڈرعمران خان کے وارنٹ گرفتاری جاری کرکے بہت بڑی غلطی کی،امپورٹڈ حکومت نے اپنے پاﺅں پر کلہاڑی مار لی ہے،ساراپاکستان عمران خان کے ساتھ کھڑاہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شمائلہ حیدر نے کہاکہ وزیراعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس خان کے ویژن نے کشمیریوں کے اندر نئی روح پھونک دی ہے،آزاد کشمیر میں ساری جماعتیں مل کر بھی عمران خان کے کھلاڑیوں سے خوفزدہ ہیں،اپوزیشن کی جانب سے اپنی خفت مٹانے کے لئے آئے روز شگوفے چھوڑے جا رہے ہیں،بلدیاتی انتخابات میں تحریک انصاف اپوزیشن کا صفایا کردے گی،وزیراعظم سردار تنویر الیاس خان کی قیادت میں پی ٹی آئی سیسہ پلائی دیوار کی مانند کھڑی ہے،ہر قسم کی سازشوں کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے۔
شمائلہ حیدر نے کہا کہ پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ(پی ڈی ایم) ٹولہ سٹھیا گیا ہے،ان کیلئے آگے گڑھا اورپیچھے کھائی ہے،کشمیریوں سمیت پوری پاکستانی قوم عمران خان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے،شہباز شر یف،آ صف زرداری حکومت آگ سے مت کھیلے،پاکستانی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ شریف خاندان کے لیے کرائے کے غنڈے کا کردار ادا کرنے سے گر یز کریں۔انہو ں نے کہاکہ عمران خان کو کسی نے ہاتھ بھی لگایا تو عوامی ردعمل کی ذمہ دار وفاقی حکومت ہو گی،شریف خاندان کی فرمائش پر عمران خان کے وارنٹ جاری کیے جانا انتہائی شرمناک ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں