عمران خان باہر نکلو قوم آپ کے ساتھ ہے،شیخ رشید

ٹیکسلا(وقائع نگار خصوصی)سابق وزیر داخلہ اور عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے چیئرمین پاکستان تحریک انصاف کو براہ راست مخاطب کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان کو کہتا ہوں باہر نکلو،قوم آپ کے ساتھ ہے،عمران خان پی ڈی ایم اور مہنگائی کے خلاف لڑ رہے ہیں،آج پوری قوم عمران خان کے ساتھ کھڑی ہے۔
تفصیلات کے مطابق سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے پی ٹی آئی کے زیر اہتمام ٹیکسلا میں منعقدہ جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج سارا پاکستان عمران خان کے ساتھ ہے،وہ دو چوروں کے خلاف لڑ رہے ہیں،ان کا مقابلہ مافیا سے ہے،جو بھی اصلی اور نسلی ہیں اس وقت سب عمران خان کے ساتھ ہیں،حکومت وہ ہوتی ہے جو لوگوں کے دلوں پر کرے،آج بھی ملک کا وزیراعظم عمران خان ہے،اللہ کی شان ہے کہ آج سارا پاکستان عمران خان کے ساتھ کھڑا ہے،میرا ایجوکیشن میں بھی بڑا تجربہ ہے۔
شیخ رشید کا کہنا تھا کہ چیئرمین پی ٹی آئی سامراج سے لڑ رہے ہیں،سپرپاور سے لڑرہے ہیں،عمران خان پی ڈی ایم اور مہنگائی کے خلاف لڑرہے ہیں،عمران خان!باہرنکلو عوام آپ کا انتظار کررہی ہے،پہلے کبھی بھی اتنی عوام کو نہیں دیکھا،فتح اللہ کے پاس ہے،یہ طاقت اور مقبولیت سب اللہ نے عمران خان کو دی ہے،جن لوگوں نے عمران خان کو نکالا،وہ زلیل و رسو ہو گئے۔شیخ رشید احمد نے چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی پر کڑی نکتہ چینی کرتے ہوئے کہا کہ بلاول سندھ کے سیلاب زدہ لوگوں کو چھوڑ کر بیرون ملک دورے کر رہا ہے۔
اس موقع پر پی ٹی آئی رہنما اور سابق وفاقی وزیر برائے ہوا بازی غلام سرور خان نے منعقدہ جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ لوگوں نے پاکستان میں صرف اقتدار کے لیے حکومت کی ہے،باریاں لینے والوں نے صرف ایک کام کیا اور یہ تھا کہ ملک کو لوٹا،عمران خان کرپٹ ٹولے کے خلاف جنگ لڑ رہے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں