لاہور(کورٹ رپورٹر)فارن فنڈنگ کیس کے معاملے پر گرفتار کیے گئے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی)کے حامد زمان کو ضلع کچہری میں پیش کر دیا گیا،حامد زمان کو دو روزہ جسمانی ریمانڈ پر ایف آئی اے کے حوالے کر دیا گیا۔عدالت نے ایف آئی اے کو حامد زمان کو پیر کو دوبارہ پیش کرنے کا حکم دے دیا۔
تفصیلات کے مطابق ایف آئی اے نے ملزم حامد زمان کو مجسٹریٹ کی عدالت میں پیش کیا جہاں پر جوڈیشل مجسٹریٹ غلام مرتضیٰ ورک نے ملزم کے جسمانی ریمانڈ پر سماعت کی۔ملزم حامد زمان کی جانب سے خواجہ حارث عدالت میں پیش ہوئے۔ایف آئی اے کی جانب سے ملزم کے 14 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی گئی، جوڈیشل مجسٹریٹ غلام مرتضیٰ ورک نے فیصلہ محفوظ کیا۔ ایف آئی اے کے وکیل نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے ممنوعہ فنڈنگ کیس کی انکوائری کی، امریکا سے بینک اکاو?نٹس کو چلایا جا رہا ہے، تقریباً 6 کروڑ کی رقم لائی گئی ہے۔وکیل نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ ٹرسٹ کی جانب سے جو کام ہونا چاہیے تھا نہیں ہوا، جو بھی رقم منگوائی گئی اسے سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کیا گیا، غیر قانونی طور پر پیسے منگوائے گئے۔ملزم کے وکیل خواجہ حارث نے کہا کہ ایف آئی اے نے تحقیقات کے لیے ایک بار بھی طلبی کا نوٹس نہیں بھیجا۔جج نے ملزم کے وکیل سے استفسار کیا کہ ایف آئی اے کے سوال نامہ کا جواب آپ کے پاس ہے۔وکیل نے کہا کہ تمام جوابات تحریری جمع کرا دیے ہیں، انکوائری کا دائرہ اختیار ایف آئی اے کو ہے ہی نہیں، الزامات مکمل طور پر بے بنیاد ہیں۔
واضح رہے گزشتہ روز فارن فنڈنگ کیس کے معاملے پر پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی ممبر حامد زمان کو گرفتار کیا گیا تھا۔ایف آئی اے لاہور کے مطابق ایف آئی اے کی جانب سے حامد زمان کو لاہور میں وارث روڈ پر واقع ان کے دفتر سے گرفتار کیا گیا تھا۔ایف آئی اے ذرائع کا کہنا تھا کہ انصاف ٹرسٹ کے اکاونٹ میں 2013 میں 6 لاکھ 25 ہزار ڈالر آئے، انصاف ٹرسٹ قواعد و ضوابط پر پورا نہیں اترتا تھا، حامد زمان انصاف ٹرسٹ کے سیکریٹری تھے۔
