ملتان /کراچی/چارسدہ/پشاور(وقائع نگار خصوصی)قومی اسمبلی کے 8 اور پنجاب اسمبلی کے 3 حلقوں پر آج ضمنی انتخابات کے لیے پولنگ کا عمل جاری ہے ،چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان قومی اسمبلی کی 8 میں سے سات نشستوں پر انتخاب لڑ رہے ہیں، قومی اسمبلی کی تمام نشستیں پی ٹی آئی کے ارکان کے استعفوں کے باعث خالی ہوئی تھیں،پولنگ بغیر کسی وقفہ کے شام 5بجے تک جاری رہے گی، رینجرز، ایف سی اور پاک فوج تعینات ہیں،دوسری طرف کراچی میں قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 237 نیک محمد گوٹھ میں ضمنی انتخاب کے دوران 2 گروپوں میں تصادم ہوگیا،جس کے نتیجے میں پی ٹی آئی کے رکن صوبائی اسمبلی بلال غفار زخمی ہوگئے، بلال غفار کو ہسپتال منتقل کردیا گیاہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے اراکین قومی اسمبلی کے استعفے منظور ہونے کے بعد خالی ہونے والی پنجاب کی 4، خیبرپختونخوا اور سندھ کی 2 نشتوں پر آج ضمنی انتخابات ہورہے ہیں ،پنجاب میں ایک ہزار 434، خیبرپختونخوا میں 979 اور کراچی میں 340 پولنگ سٹیشنز قائم کیے گئے ہیں، پولنگ کا عمل آج صبح 8 بجے شروع ہوا جو شام 5 بجے تک جاری رہے گا۔ملک کی سیاسی تاریخ میں یہ منفرد مثال ہوگی کہ ایک امیدوار (چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان) 8 میں سے 7 نشستوں پر انتخاب لڑ رہے ہیں۔آزاد امیدواروں سمیت مختلف سیاسی جماعتوں کے مجموعی طور پر 101 امیدوار انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں، پنجاب میں 52، سندھ میں 33 اور خیبرپختونخوا میں 16 امیدوار ہیں، ان حلقوں میں تقریباً 44 لاکھ 72 ہزار ووٹرز رجسٹرڈ ہیں۔
کراچی میں ملیر اور کورنگی میں قومی اسمبلی کی 2 نشستوں پر ا?ج ہونے والے ضمنی انتخابات کے نتائج اہم ہوں گے کیونکہ یہ 23 اکتوبر کو شہر میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات سے محض ایک ہفتہ قبل ہورہے ہیں، جیتنے والی پارٹی کو کراچی کی مقامی حکومت کے لیے ہونے والے بلدیاتی انتخابات میں تقویت ملے گی۔این اے 239 کے لیے 22 امیدوار میدان میں ہیں، عمران خان، ایم کیو ایم (پاکستان) کے نئیر رضا اور ٹی ایل پی کے محمد یاسین کے درمیان سخت مقابلے کا امکان ہے۔تمام حلقوں کی سکیورٹی کے لیے پولیس، رینجرز اور پاک فوج کی خدمات حاصل کی گئی ہیں اور پولنگ والے حلقوں میں دفعہ 144 نافذ کی گئی ہے۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے پولنگ کے دوران موبائل استعمال پر سخت قانونی کارروائی کا حکم دیا گیا ہے۔ترجمان الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن نے صوبائی اسمبلی پنجاب کے 3 اور قومی اسمبلی کے 8 حلقوں میں پولنگ کے دوران چند پولنگ اسٹیشنز میں موبائل فون کے استعمال کا سخت نوٹس لیا ہے۔ترجمان الیکشن کمیشن نے کہا کہ پولنگ اسٹیشن میں موبائل فون استعمال کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے۔ تمام آر او، ڈی آر او اور صوبائی الیکشن کمشنرز کو ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔ترجمان الیکشن کمیشن کا مزید کہنا ہے کہ ووٹرز پولنگ اسٹیشن میں ووٹرز کا موبائل لے جانا سختی سے منع ہے، یہ سیکریسی آف بیلٹ پیپر کی خلاف ورزی ہے جس پر موبائل ضبط اور ملزم پولیس کے حوالے کیا جائے گا۔
پشاور میں این پی کے کارکن نے پی ٹی آئی کے کارکن کو زخمی کر دیا ہے۔پولیس نے دونوں کارکنان کو حراست میں لے لیا ہے جبکہ تحریک انصاف کے مزید کارکن بھی پہنچ گئے ہیں۔چارسدہ میں الیکشن کے دوران اسلحے کی نمائش کرنے پر 5 افراد کو گرفتار کرلیا گیا۔قومی اسمبلی کے چارسدہ کے حلقہ این اے 24 میں ضمنی انتخابات کے دوران اسلحہ کی نمائش کرنے پرسیاسی جماعتوں کے کارکنوں کو گرفتارکیا ہے۔پولیس نے بتایا کہ گرفتارافراد کا تعلق مختلف سیاسی جماعتوں سے ہے، جبکہ الیکشن کے دوران اسلحہ نمائش، ڈبل سواری پرپابندی ہے۔
