الیکشن سے پہلے بڑے پیمانے پر سرکاری بھرتیاں کرنے کا فیصلہ

اسلام آباد(نیوز رپورٹر )حکومت نے الیکشن سے پہلے بڑے پیمانے پر سرکاری بھرتیاں کرنے کا فیصلہ کرلیا،سرکاری وزارتوں میں گریڈ ایک سے 17تک 3395 آسامیوں کی منظوری دے دی گئی۔

سرکاری ملازمت کے خواہشمند نوجوانوں کے لیے اچھی خبر ہے کہ وفاقی وزارتوں و ڈویژنز کی 3395 خالی اسامیوں پر بھرتی کی منظوری دے دی ہے ، وفاقی وزارتوں و ڈویژنز کی گریڈ ایک سے 17تک خالی آسامیوں پر بھرتی کی جائے گی۔اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے ہر وزارت کے لیے الگ الگ این او سی جاری کر دیا،بھرتی کے لیے این او سیز اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کے سرپلس پول سے جاری کیے گئے، اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے این او سیز کے اجرا کے آفس میمورنڈم جاری کرد ئیے ہیں۔

وزارت داخلہ کے تحت ڈی جی امیگریشن و پاسپورٹس کی 209 خالی اسامیوں پر بھرتی کی جائے گی اس کے ساتھ ایف سی (ہیڈکوارٹرز)ڈی آئی خان میں مختلف کیڈرز میں گریڈ 5 کی 2465 اسامیوں پر بھرتی کی منظور ی دی گئی۔اسٹیبلشمنٹ ڈویژن میں گریڈ ایک سے 15 کی 56 اسامیاں،قومی ورثہ ڈویژن میں 18 اسامیوں،وزارت منصوبہ بندی میں 22 اسامیوں،وزارت آبی وسائل میں اسسٹنٹ پرائیویٹ سیکرٹری (گریڈ 16)کی ایک اسامی کی منظوری دی گئی ہے ۔

وزارت آبی وسائل میں گریڈ ایک سے 14 کی 3 اسامیوں،وزارت دفاع کے تحت 426، گریڈ 15 تک سویلین سٹاف کی 161 اسامیوں،دفاع ڈویژن میں سویلین میڈیکل پریکٹیشنر(گریڈ 17)کی ایک،سیکرٹریٹ ٹریننگ انسٹیٹیوٹ میں 3 اسامیوں کی منظوری دی گئی ہے۔پیٹرولیم ڈویژن میں گریڈ 14 اور 16 کی 2 ،ڈائریکٹوریٹ آف الیکٹرانک میڈیا وزارت اطلاعات میں 22 اسامیوں،وزارت ہاوسنگ کے تحت گریڈ ایک سے 15 کی 4 اسامیوں پر بھرتی کی منظوری دی گئی ۔اسسٹنٹ پرائیویٹ سیکرٹری کی اسامی پر بھرتی کے لیے وزارت ہاوسنگ کو این او سی جاری کیا گیا جس پر 6 ماہ میں بھرتی کا عمل مکمل کرنا ہو گا،خالی اسامیوں پر بھرتی رائج ریکروٹمنٹ پالیسی کے تحت ہو گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں