لانگ مارچ پرامن، قانونی، آئینی اور تشدد سے پاک ہوگا، شیخ رشید

راولپنڈی(سٹاف رپورٹر)سربراہ عوامی مسلم لیگ اور سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ نے بھی حکومت کے لانگ مارچ روکنے کی درخواست کو مسترد کردیا۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پپغام میں شیخ رشید احمد نے لکھا کہ لانگ مارچ شروع نہیں ہوا اورحکومت حواس باختہ ہوگئی ہے، طاقت کااستعمال ہوا تو اسلام آباد سے بھاگ نہیں پائیں گے، لانگ مارچ پرامن، قانونی، آئینی اور تشدد سے پاک ہوگا، انتشار خلفشار اور طاقت کا استعمال حکومت کی سیاسی قبر کھو دے گا۔سربراہ عوامی مسلم لیگ کا کہنا تھا کہ میری بیماری کی تصویر کرونا والی ہے الحمد اللہ میں صحت مند ہوں، میں نواز شہباز آصف زرداری کی طرح نہیں کہ اقتدار سے اترنے کے بعد بیماری کا بہانہ کروں۔
دوسری طرف سابق وزیر داخلہ شیخ رشید نے آج شام 5 بجے اہم پریس کانفرنس کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسلام آباد میں میرے لئے حالات بہتر نہیں تھے،لاہور پہنچ چکا ہوں،شام پانچ بجے اہم پریس کانفرنس کروں گا،لانگ مارچ کی حمایت اورارشد شریف کوخراج عقیدت پیش کرنے کیلئے پریس کانفرنس کروں گا جبکہ کل11بجے لانگ مارچ میں شرکت کیلئے لبرٹی چوک پہنچوں گا،قوم سے اپیل ہے جوش جذبے کے ساتھ مارچ میں شریک ہوں۔
اس سے قبل شیخ رشید کا کہنا تھا کہ سیاست کا فائنل راونڈ شروع ہو گیا ہے،نومبرمیں آرپار ہو جائے گا،جس طرح وزیر قانون سے استعفیٰ لیا گیا اسی طرح الیکشن کی تاریخ لی جائے گی،پرامن آئینی اورقانونی احتجاج قوم کاحق ہے، راناثنااللہ میں ایئرپورٹ جانے کی بھی ہمت نہیں ہوئی،اگر رانا ثنا نے طاقت استعمال کی تو اسے بھاگنےکی بھی مہلت نہیں ملے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں