وفاقی حکومت نے اتحادیوں کے آگے گھٹنے ٹیک دیئے

اسلام آباد(وقائع نگار خصوصی) وفاقی حکومت نے ریکوڈک سے متعلق قانون سازی پر اتحادیوں کے آگے گھٹنے ٹیک دیئے۔
تفصیلات کے مطابق ریکوڈک سے متعلق قانون سازی پر اتحادیوں کے اختلاف کے معاملے میں پیش رفت ہوئی ہے جس میں اتحادی حکومت سے مطالبہ منوانے میں کامیاب ہو گئے ہیں۔ذرائع کے مطابق وفاقی حکومت نے ریکوڈک بل کے معاملے پر اتحادی جماعتوں کی ترامیم مان لی ہیں اور وفاقی حکومت غیرملکی سرمایہ کاری بل میں ترامیم پر راضی ہو گئی ہے۔مجوزہ ترمیم کے مطابق غیر ملکی سرمایہ کاری بل صرف بلوچستان میں ریکوڈک تک محدود ہو گا۔ذرائع کے مطابق ترمیم شدہ غیرملکی سرمایہ کاری بل جمعہ کو سینیٹ میں پیش کیے جانے کا امکان ہے اور ترمیم شدہ بل قومی اسمبلی سے بھی منظور کرایا جائے گا۔
وفاقی وزرا ایاز صادق اور اعظم نذیر تارڑ نے اتحادی جماعتوں کے قائدین سے ملاقاتیں کیں۔
واضح رہے کہ بلوچستان نیشنل پارٹی (بی این پی-مینگل) کے صدر سردار اختر مینگل نے وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بائیکاٹ کے بعد حکومتی اتحاد چھوڑنے کا حتمی فیصلہ کرنے کے لیے پارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کا اجلاس بلانے کا فیصلہ کیا تھا ۔اختر مینگل اور ان کی جماعت نے پارلیمنٹ میں ریکوڈک پر قانون سازی اور بلوچستان اسمبلی میں آئینی قراردادوں کی منظوری کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی حکومت نے سینیٹ اور قومی اسمبلی میں منظور ہونے والے بلوں پر بی این پی-مینگل کو اعتماد میں نہیں لیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں