صدر مملکت عارف علوی سے وزیراعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس کی اہم ملاقات

اسلام آباد(وقائع نگار خصوصی)صدر مملکت پاکستان ڈاکٹر عارف علوی سے وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر و صدر پاکستان تحریک انصاف آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس خان کی ایوان صدر میں اہم ملاقات،ملکی سیاسی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال۔
تفصیلات کے مطابق ایوان صدر میں وزیراعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس خان نے ڈاکٹر عارف علوی سے تفصیلی ملاقات کی ہے،دونوں رہنماوں کے مابین مسئلہ کشمیر سمیت دیگر اہم معاملات پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا،صدر پاکستان نے آزاد کشمیر میں 32 سال بعد بلدیاتی الیکشن کا انعقاد ممکن بنانے پر وزیراعظم آزاد کشمیر کو مبارکباد پیش کی۔دونوں رہنماوں کے درمیان ملک میں جاری سیاسی و معاشی بحران،آزاد کشمیر کی سیاسی صورتحال اور پاکستان تحریک انصاف کی پالیسیوں کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔یاد رہے کہ گذشتہ روز وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے بھی صدر مملکت سے اہم ملاقات کی تھی ۔
ملک میں جاری سیاسی بحران کے حوالے سے تجزیہ کار اس ملاقات کو اہم قرار دے رہے ہیں،واضح رہے کہ دو روز قبل ہی وزیراعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس خان،اسٹیبلشمنٹ،پی ڈی ایم کی وفاقی حکومت اورتحریک انصاف کے درمیان ”ثالثی “کی پیشکش کر چکے ہیں جبکہ دوسری طرف صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی موجودہ حکومت،پاکستان تحریک انصاف پر مشتمل حزب اختلاف اور اداروں کے درمیان مفاہمت کی کسی کوشش میں مصروف ہیں اور انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ پس پردہ مفاہمت کے لیے کوشش کر رہا ہوں اور کوشش کر رہا ہوں کہ سٹیک ہولڈرز کے درمیان غلط فہمیاں دور ہو جائیں،میں پیشگوئی نہیں کروں گا مگر میں یہ ضرور کہہ سکتا ہوں کہ میں پرامید ہوں،ہر اچھی کوشش میں اللہ برکت ڈالتا ہے“۔
اس سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم سردار تنویر الیاس خان نے کہا کہ آزاد کشمیر میں 2021 کے عام انتخابات میں تحریک انصاف کو عوامی مینڈیٹ ملا،تحریک انصاف کی حکومت نے 32 سال بعد تمام سازشوں،رکاوٹوں کے باوجود بلدیاتی الیکشن کا انعقاد یقینی بنایا اور اپنی عوام سے کیا وعدہ پورا کیا،حالیہ بلدیاتی الیکشن میں کشمیری عوام نے ایک بار پھر تحریک انصاف کو بھاری مینڈیٹ دیا۔انہوں نے کہا کہ وفاق میں پی ڈی ایم کی حکومت نے اقتدار میں آنے کے بعد آزاد جموں وکشمیر حکومت سے ناروا سلوک اپنایا،بجٹ میں کٹوتی کر کے آزاد کشمیر کی ترقی کو روکا گیا،بلدیاتی الیکشن پر درکار سیکیورٹی فراہمی سے انکار کیا گیا۔وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے منگلا ڈیم واقعہ کے بعد آزاد کشمیر میں تحریک انصاف کی حکومت کے خلاف سازشیں شروع کر دیں،آزاد کشمیر میں تحریک انصاف کی واضح اکثریت ہے،اگر وفاقی حکومت نے سیاسی عدم استحکام پیدا کرنے کی مذموم کوشش جاری رکھی تو اسکا خمیازہ بھگتنا پڑے گا۔انہوں نے کہا کہ سیاسی لوگوں سے رابطے ہوتے رہتے ہیں،ہونے بھی چاہیے لیکن یہ ساری باتیں اور سارے مسائل ایک ہی راستے کی طرف جاتے ہیں اور وہ ہے انتخابات۔یہی تمام مسائل کا واحد حل ہے۔یہ لوگ انتخابات کی تاریخ دے دیں،سب کچھ درست ہو جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں