راولپنڈی(وقائع نگار خصوصی)معروف سیاست دان اور سابق وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے کئی سال کی گمنامی کے بعد ایک بار پھر سیاست میں طبع آزمائی کرنے کے لئے میدان میں آنے کا فیصلہ کیا ہے اور اس سلسلہ میں انہوں نے اپنی انتخابی مہم کا آغاز کرتے ہوئے کہا ہے کہ خاموش اس لیے ہوں کہ اب گالی کی سیاست ہو رہی ہے، عمران خان سے دوستی،تعلق اور احترام کا رشتہ ہے،سیاسی پارٹی تو نہیں بنا رہا،فی الحال تمام تر توجہ اپنے حلقے کی عوام کو متحرک کرنے پر ہے،میں نہیں سمجھتا کہ خونی الیکشن ہوگا،یہ میرا موقف ہے،میں اپنے حلقے کے لوگوں کی خدمت کرنے کا خواہاں ہوں،سیاست کا آغاز وہاں سے کریں گے جہاں بڑی خدمت کا موقع ہو گا۔
”پاکستان ٹائم “ کے مطابق سابق وزیر داخلہ چوہدری نثار نے انتخابی مہم کا آغاز کر دیا اور انتخابی مہم کے پہلے مرحلے میں مورگاہ پہنچ گئے۔اس موقع پر انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سیاست کا آغاز وہاں سے کر رہا ہوں جہاں میری سیاست کا نشان ہے اور اپنی کارکردگی پر اتنا اطمینان نہیں جتنا اپنے لوگوں کی خدمت کر کے ہوا، 5 سال سیاسی طور پر گوشہ نشین تھا لیکن میں اب اپنے حلقے کے لوگوں کی خدمت کرنے کا خواہاں ہوں اور سیاست کا آغاز وہاں سے کریں گے جہاں بڑی خدمت کا موقع ہو گا۔
چوہدری نثار علی خان نے میڈیا سے کیمرے بند کرنے کی درخواست کرتے ہوئے کہا کہ میں اپنے حلقے کے عوام سے کھل کر بات کرنا چاہتا ہوں،میں حلقہ 10 سے خود الیکشن لڑوں گا اور حلقہ 12 سے امیدوار کھڑا کروں گا،میں آزاد بھی لڑ سکتا ہوں اور کسی پارٹی میں بھی شامل ہو سکتا ہوں،اسلام آباد والے پانی دینے کے لیے تیار نہیں تھے لیکن مشکل سے مورگاہ میں پانی پہنچایا، 35 سال کی سیاست میں کبھی بے ایمانی نہیں کی لیکن آج کل لوگوں پر الزامات ہیں۔
عمران خان سے متعلق بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عمران خان کا رویہ میرے ساتھ بہت اچھا ہے،میں ان کے خلاف بات نہیں کروں گا،میں نے جس پارٹی کے لیے کام کیا ان کے خلاف بھی بات نہیں کروں گا،ن لیگ اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی)کی سیاست اب دشمنی میں بدل چکی ہے،میرے ذہن میں جو خاکہ ہے کامیاب ہو کر اسمبلی میں پیش کروں گا،جو میرے حلقے سے کامیاب ہوا اس نے لوگوں کے لیے کچھ نہیں کیا اور میرے حلقے سے کامیاب ہونے والے نے جعلی ڈگری سے ملک کی بدنامی کی،خاموش اس لیے ہوں کہ اب گالی کی سیاست ہو رہی ہے،کس پارٹی میں شمولیت اختیار کرنی ہے اس کا فیصلہ باہمی مشاورت سے ہوگا،سیاست سے دور رہنے کے بیان پر ان کا کہنا تھا کہ فوج نے اچھا قدم اٹھایا ہے تو ہمیں ویلکم کرنا چاہئے،فوج کو اپنا اور سیاست دانوں کو اپنا کام کرنا چاہئے۔